|
پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز کامران غلام نے ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں سینچری اسکور کر کے ریکارڈ بکس میں اپنا نام درج کرا لیا ہے۔
پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لیے ہیں۔ محمد رضوان 37 اور سلمان علی آغا پانچ رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
بابر اعظم کی جگہ ٹیم میں جگہ بنانے والے کامران غلام ڈیبیو میچ میں سینچری کرنے والے تیرہویں پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔
اُنہوں نے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 118 رنز بنائے۔
انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم اننگز کا آغاز اچھا نہ کر سکی۔ لیکن اوپننگ بیٹر صائم ایوب کی نصف سینچری اور کامران غلام نے 149 رنز کی شان دار شراکت داری قائم کی۔
کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا تو عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا۔
پاکستان کو 15 کے مجموعی اسکور پر اس وقت پہلے خسارے کا سامنا کرنا پڑا جب جیک لیچ کی گیند پر شفیق بولڈ ہو گئے، وہ سات رنز ہی بنا سکے۔
دوسری وکٹ پر کپتان شان مسعود بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور وہ بھی لیچ کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
ابتدائی دو خساروں کے بعد تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے ڈیبوڈنٹ کامران غلام نے صائم کے ساتھ مل کر ایک بڑی شراکت قائم کی۔
پاکستان کا اسکور جب 168 رنز ہوا تو صائم ایوب بھی 77 رنز بنا کر لیچ کی گیند پر بین اسٹوکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سعود شکیل بھی ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف چار رنز بنا کر کارس کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
SEE ALSO: ملتان ٹیسٹ: پاکستان کو انگلینڈ سے ایک اننگز اور 47 رنز سے شکستکامران غلام کا ساتھ دینے محمد رضوان آئے تو دونوں بلے بازوں نے پاکستان کی اننگز کو آگے بڑھایا۔ کامران غلام نے نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سینچری مکمل کی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان جاری تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ بھی اسی گراؤنڈ اور اسی پچ پر کھیلا جا رہا ہے جس پر انگلینڈ نے گزشتہ ہفتے ہی پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی۔
اس شکست کے بعد ٹیم مینیجمنٹ نے نہ صرف سینئر کھلاڑیوں کو سیریز سے آؤٹ کیا بلکہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف ٹیم سے باہر ہونے والوں میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
تین میچز کی سیریز میں مہمان ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور یہ میچ اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ میزبان ٹیم کو سیریز بچانے کے لیے میچ جیتنے کا چیلنج درپیش ہے۔
سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 24 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہو گا۔