اوباما کی حمایت میں کمی آتی جا رہی ہے: نئی جائزہ رپورٹ

اوباما کی حمایت میں کمی آتی جا رہی ہے: نئی جائزہ رپورٹ

جائزے کے مطابق صدر اوباما جو کام سر انجام دے رہے ہیں 48فی صد امریکی اُس کی تائید نہیں کرتے، جس کے مقابلے میں 42فی صد اُن کی حمایت کرتے ہیں۔جائزے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لیبیا میں امریکی مداخلت کی زیادہ تر لوگ مخالفت اور کم ہی لوگ حمایت کرتے ہیں

معلوم ہوتا ہےکہ آہستہ آہستہ امریکی ووٹروں کی طرف سےصدربراک اوباما کی حمایت میں کمی آتی جارہی ہے۔

بدھ کے روز کیونپیک یونی ورسٹی کی طرف سے جاری کیے گئے جائزے کے مطابق صدر اوباما جو کام سر انجام دے رہے ہیں 48فی صد امریکی اُس کی تائید نہیں کرتے، جس کے مقابلے میں 42فی صد اُن کی حمایت کرتے ہیں۔جائزے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لیبیا میں امریکی مداخلت کی زیادہ تر لوگ مخالفت اور کم ہی لوگ حمایت کرتے ہیں۔

کیونپیک یونی ورسٹی پولنگ انسٹی ٹیوٹ کے نائب ڈائرکٹر پیٹر براؤن کا کہنا ہے کہ ماہوار سروے رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ عہدہ سنبھالنےکے وقت کے مقابلے میں اب صدر کی عام حمایت کم ترین سطح پرہے ۔

اِن نتائج سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ دوبارہ انتخاب لڑنے کی صورت میں مسٹر اوباما کے لیے سیاسی مہم چلانا مشکل ہوگا۔

سروے میں جو 2000سے زائدرجسٹرڈ ووٹر شامل تھے، اُن میں سے 50فی صد نے کہا کہ 2012ء میں صدر دوسرے چار برس کی میعاد کے لیے انتخاب لڑنے کے حقدار نہیں ہیں، جب کہ صرف 42 فی صد نے کہا کہ مسٹر اوباما کو دوبارہ منتخب ہونا چاہیئے۔

ری پبلیکن پارٹی کے ایک فرضی امیدوار کے ساتھ انتخاب لڑنے سے متعلق جائزے میں شامل کیے گئے افراد کے 37فی صد کا کہنا تھا کہ وہ ری پبلیکن امیدوار کو ووٹ دینا چاہیں گے، جب کہ 36 فی صدنے مسٹر اوباما کو ووٹ دینے پر آمادگی کا اظہار کیا۔