اوکلاہوما میں وال مارٹ کے ایک اسٹور میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں حملہ آور بھی شامل ہے۔
فائرنگ کا نشانہ بننے والے دو افراد وال مارٹ کی پارکنگ میں اپنی کار میں سوار تھے جبکہ تیسرا شخص پارکنگ لاٹ میں تھا۔
خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ اوکلاہاما کے ڈنکین میں واقع وال مارٹ کے اسٹور میں پیش آیا۔
ڈنکین پولیس چیف نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ جن لوگوں نے اس فائرنگ کو دیکھا ہو وہ پولیس کو تفصیلات سے آگاہ کریں۔
اس سال اگست میں میکسیکو کی سرحد کے قریب واقع ریاست ٹیکساس کے شہر ایل پاسو کے ایک وال مارٹ اسٹور میں فائرنگ کے اسی طرح کے ایک واقعہ میں 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ستمبر کے شروع میں وال مارٹ نے کہا تھا کہ وہ ہینڈ گن اور گولیوں کی فروخت بند کر رہا ہے۔ وال مارٹ کی انتظامیہ نے لوگوں سے یہ بھی کہا تھا کہ وہ وال مارٹ کے اسٹوروں میں ہتھیار کے ساتھ داخل نہ ہوں، چاہے ریاستی قوانین انہیں ہتھیار ساتھ لے کر چلنے کی اجازت ہی کیوں نہ دیتے ہوں۔