شمالی کوریا فٹ بال ورلڈ کپ کوالی فائنگ راؤنڈ سے دست بردار

ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے تصدیق کی ہے کہ شمالی کوریا قطر میں 2022 میں کھیلے جانے والے فٹ بال ورلڈ کپ کے کوالی فائنگ میچز سے دست بردار ہو گیا ہے۔ یہ میچز آئندہ ماہ کھیلے جانے ہیں۔

خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق ایک بیان میں اے ایف سی کا کہنا تھا کہ '' ایشین فٹ بال کنفیڈریشن فیفا ورلڈ کپ 2022 کے لیے ایشیائی ٹیموں کے کوالی فائنگ مقابلوں سے کوریا فٹ بال ایسوسی ایشن کے دست بردار ہونے کی تصدیق کرتا ہے۔''

اگرچہ شمالی کوریا کی فٹ بال ٹیم کی کوالی فائرز سے دست بردار ہونے کی کوئی وجوہات بیان نہیں کی گئیں لیکن رواں ماہ کے اوائل میں جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا تھا کہ پیانگ یانگ کہہ چکا ہے کہ وہ کرونا خطرات کے پیشِ نظر کوالی فائر راؤنڈ میں حصہ نہیں لے گا۔

SEE ALSO: یوئیفا کی دھمکی رنگ لے آئی، 12 میں سے 6 کلب سپر لیگ کے منصوبے سے دست بردار

اس سے قبل شمالی کوریا نے کرونا خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے یہ اعلان کیا تھا کہ ان کا ملک رواں برس جاپان میں ہونے والے ٹوکیو المپکس میں شرکت نہیں کرے گا۔

شمالی کوریا ان ممالک میں سے ایک تھا جنہوں نے چین سے پھیلنے والے اس وائرس کے بعد خود کو محفوظ رکھنے کے لیے سرحد کو ایک برس سے زائد عرصے تک بند رکھا تھا۔

کرونا کی وجہ سے قطر ورلڈ کپ کے لیے ایشیائی ٹیموں کے ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کا بیشتر حصہ بھی جون تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

گزشہ ماہ اے ایف سی نے کہا تھا کہ وہ ٹورنامنٹس کا فارمیٹ تبدیل کرے گی تاکہ ہر پانچ ممالک کا ایک گروپ ایک میزبان ملک میں کھیل سکے۔

شمالی کوریا کی ٹیم گروپ ایچ میں شامل ہے جس میں ترکمانستان، جنوبی کوریا، لبنان اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی شامل ہے۔ اس گروپ میں اس وقت ترکمانستان سرِفہرست ہے۔

گروپ ایچ کے کوالی فائنگ مقابلے آئندہ ماہ 3 سے 15 جون کے درمیان ہوں گے۔ جس کی میزبانی جنوبی کوریا کرے گا۔

شمالی کوریا گروپ ایچ میں اس وقت چوتھے نمبر پر ہے تاہم وہ سرِفہرست ٹیم ترکمانستان سے صرف ایک پوائنٹس دوری پر ہے اور مقابلے سے دست بردار ہونے سے قبل اس نے مزید تین میچ کھیلنے تھے۔

'اے ایف سی' کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ اب فیفا کی آرگنائزنگ کمیٹی کو بھیجا جائے گا جس کے بعد گروپ ایچ میں پوزیشن سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ورلڈ کپ فٹ بال کے فائنلز میں دنیا بھر سے 32 ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔ فائنلز تک کوالی فائی کرنے کے لیے دنیا بھر میں کوالی فائنگ مقابلے ہوتے ہیں۔