اس سال نوبیل انعام جیتنے والی خوش نصیب شخصیات کو ماضی کے مقابلے 20 فی صد کم انعامی رقم ملے گی۔
پیر کے روز نوبیل فاؤنڈیشن نے اعلان کیا کہ اس سال کے لیے انعامی رقم میں کمی کرکے اسے گیارہ لاکھ بیس ہزار ڈالر کیا جارہاہے۔ تنظیم کا کہناہے کہ انعامی رقم میں کمی کی وجہ عالمی معاشی بحران ہے۔
ماضی میں نوبیل انعامات جیتنے والوں کو شیلڈ کے ساتھ 14 لاکھ ڈالر کی رقم ملتی تھی۔
نوبیل انعام حاصل کرنے والوں کو نقد رقم ، ڈائنامائٹ کے موجد الفریڈ نوبیل کی جائیداد کی آمدنی سے ادا کی جاتی ہے۔ انہوں نے اپنی وصیت میں اپنی جائیداد کی آمدنی نوبیل انعام کے لیے وقف کردی تھی۔
نوبیل انعام ہرسال طب، فزکس، کیمسٹری ، ادب ، معاشیات اور امن کے شعبوں میں اعلیٰ ترین کارکردگی پر دیا جاتا ہے۔