پاکستانی کشمیر میں ٹریفک حادثہ، نو افراد ہلاک

  • روشن مغل

حادثے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

جیپ مسافروں کو لے کر کنٹرول لائن سے ملحق گاؤں شکنجہ کھلانہ سے چکوٹھی آرہی تھی جب فنی خرابی کے باعث بے قابو ہو کر تقریباً 1500 فٹ نیچے نالے میں جا گری۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کنٹرول لائن سے ملحق کھلانہ نامی قصبے کے قریب ایک مسافر جیپ گہری کھائی میں گرنے سے نو افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔

محکمۂ صحت کے افسر ڈاکٹر طاہر رحیم نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ جیپ مسافروں کو لے کر کنٹرول لائن سے ملحق گاؤں شکنجہ کھلانہ سے چکوٹھی آرہی تھی جب فنی خرابی کے باعث بے قابو ہو کر تقریباً 1500 فٹ نیچے نالے میں جا گری۔

حادثے کے نتیجے میں چار خواتین سمیت نو افراد موقع پر ہی موت کا شکار ہوگئے جب کہ چھ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

ڈاکٹر طاہر نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مظفر آباد اور ہٹیاں بالا کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

جائے حادثہ پر امدادی کاروائیوں میں حصہ لینے والے رضاکار اقبال جلال نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ حادثے کے بعد مقامی افراد، فوج اور محمکۂ صحت اور ریسکیو 1122 کے عملے نے امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ جیپ پر 16 افراد سوار تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں سڑکوں کی ناگفتہ بہ حالت، دشوار گزار پہاڑی راستوں اور ٹریفک قوانین پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے حادثات معمول ہیں جن میں ہر سال درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوتے ہیں۔