انیل کپور، سنجے دت، اکشے کھنہ، کنگنا رانوٹ، سشمیتا سین ، نیتو چندرا، پریش راول، سنیل شیٹی۔۔۔ ایک ساتھ اتنے زیادہ پاپولر اسٹارز کی ٹیم کے ساتھ بنائی گئی فلم "نوپرابلم" اسکرپٹ، ایکٹنگ اور باقی دیگر حوالوں سے بھی پرابلم ہی پرابلم لئے ہوئے ہے۔ بڑے ناموں کا یہ جھرمٹ بجائے کامیابی کے بیوقوفیوں کا مجموعہ ہوگیا ہے۔
فلم کامیڈی کیٹگری کی ہے لیکن کامیڈی نام کو نہیں۔ فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ انیس بزمی کی فلم میں کوئی لاجک اور کوئی سینس نہیں ہوتا لیکن ان کی کئی فلمیں ماضی میں کامیاب رہی ہیں جیسے نواینٹری ، ویلکم اور سنگھ از کنگ ۔۔ تاہم اس فلم میں انہوں نے محنت نہیں کی اور یوں لگتا ہے کہ "ویلکم" اور "سنگھ از کنگ" کے بچے ہوئے اسکرپٹ پیجز کوجوڑ کر نوپرابلم بنائی گئی ہے۔ فلم کی لوکیشنز خوب صورت ہیں لیکن اموشنز اور ایکشن میں کوئی نئی چیز نہیں۔ گھسے پٹے کردار چند مناظر کے بعد ہی بور کرنے لگتے ہیں۔
انیل کپور ایک طرف تو بھارت کے باہر اپنی پہچان مضبوط کر رہے ہیں تو دوسری طرف انہوں نے "نوپرابلم" میں کام کرکے اپنے ہاتھوں اپنی محنت پر پانی پھیرنے کی کوشش کی ہے۔ وہ فلم کے ہیرو ہونے کے ساتھ ساتھ فلم کے پروڈیوسربھی ہیں۔ اس فلم میں انیل کپور کا تکیہ کلام "مٹی ڈالو" ہے۔۔۔ ناقدین کا مشورہ ہے کہ انیس بزمی کو بھی اب ایسے سبجیکٹ پر "مٹی ڈال" دینی چاہئے ۔
فلم "نو پرابلم" آج ریلیز کردی گئی ہے۔ فلم میں اکشے کھنہ لڑکی کے روپ میں بھی نظر آئیں گے جبکہ انیل کپور نے ایک پولیس آفیسر ارجن سنگھ کار ول کیا ہے جو چوروں کے چہیتے آفیسر ہیں کیوں کہ وہ مجرموں پکڑتے ہی نہیں۔ ارجن کے سسر اسی سبب اس سے نفرت کرتے ہیں جبکہ اس کی بیوی بھی ارجن کوقتل کرنے کی تاک میں رہتی ہے۔
"نو انٹری" جیسی فلمیں دینے والے پروڈیوسر انیس بزمی کی نئی فلم میں پرانی فلموں کا فارمولا پیش کیا گیا ہے جس میں داماد نکما پولیس افسر اور سسر پولیس کمشنر ہے۔ کہانی میں دو چوروں کا بھی کردار ہے ۔ ارجن کی بیوی کاکردار سشمیتا سین نے نبھایا ہے ۔ وہ ارجن کی کاہلی کی وجہ سے اس کو قتل کر دینا چاہتی ہے۔
فلم میں کامیڈی کے ساتھ ساتھ گلیمر کا تڑکا لگایا گیا ہے۔ کامیڈی کنگ کہلانے والے باریش راول نے فلم میں بینک منیجر کا رول کیا ہے جو خود ہی چوروں کے ساتھ ملکر اپنے بینک میں چوری کراتا ہے اور پھر پولیس سے ڈر کر بھاگتا رہتا ہے۔