نیوزی لینڈ نے کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ کین ولیم سن ٹیم کی قیادت کریں گے۔
حیران کن طور پر ایک بھی ون ڈے انٹرنیشنل نہ کھیلنے والے 'ٹام بلنڈیل' کو بھی ورلڈ کپ جیسے اہم ایونٹ کے لیے ٹیم میں جگہ دے دی گئی ہے۔
کرکٹ کے عالمی ایونٹ میں کیوی ٹیم یکم جون کو سری لنکا کے خلاف پہلا میچ کھیلے گی۔
نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں کین ولیم سن، مارٹن گپٹل، ہنری نکولس، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، کولن منرو، ٹام بلنڈیل، جمی نیشام، کولن ڈی گرانڈہوم، مچل سانٹنر، اش سوڈھی، ٹم ساوتھی، میٹ ہنری، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔
کیوی ٹیم کے کوچ گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ کسی بھی بڑے ایونٹ کے لئے اسکواڈ کا اعلان بہت مشکل کام ہوتا ہے لہذا بعض پلیئرز مایوس بھی ہوئے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے اہم بات ایک ایسا متوازن اسکواڈ تشکیل دینا تھا جو ورلڈ کپ جیسے مشکل مقابلے کے لئے مضبوط ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ون ڈے ٹیم نے حالیہ چند سالوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی بھی شامل ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
کیوی کوچ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کرکٹ کے لئے سب سے پہلے اسکواڈ کا اعلان کرنا واقعی خوشی کی بات ہے۔ میں ٹیم کا حصہ بننے والے تمام کھلاڑیوں کو مبارک باد دیتا ہوں کیوں کہ ورلڈ کپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے۔
ورلڈ کپ 2019ء انگلینڈ اور ویلز میں 30 مئی سے 14 جولائی تک کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے پہلے میچ میں میزبان ملک انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔