نیویارک کے میئر، بل دی بلاسیو نے شہر بھر کے اسکولوں میں عید اور بقر عید کی چھٹیوں کی منظوری کا اعلان کر دیا ہے اور اسے شہر کی رنگارنگ کمیونٹیز کے لئے ایک نئی تبدیلی سے تعبیر کیا ہے۔
جب میئر بل دی بلاسیو نے بروکلین کے اسکول، ’پی ایس 30‘ میں ان چھٹیوں کا اعلان کیا تو مسلمان بچے، جن کی اس اسکول میں خاصی تعداد ہے، خوشی سے تالیاں بجائیں اور ’لانگ لیو امریکہ‘ کے نعرے بلند کیے۔ یہ رپورٹ امریکی میڈیا میں شائع ہوئی ہے۔
نیویارک کے اسکولوں میں سرکاری تعطیل کی منظوری سٹی کونسل پہلے ہی 2008ء میں سابق میئر بلوم برگ کے دور میں دے چکی تھی۔ لیکن، اس وقت کے میئر ان تہواروں پر چھٹیوں کے حق میں نہیں تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ شہر میں موجود درجنوں کمیونٹیز کے تہواروں پر سرکاری چھٹیوں کی رسم ڈالی گئی تو بچوں کے اسکول کے دورانیے میں کمی واقع ہوجائے گی اور ان کی تعلیم متاثر ہوگی۔
اس کے برعکس، موجودہ میئر بل دی بلاسیو مسلمانوں کی ان دونوں اہم تہواروں پر چٹھیوں کے حق میں ہیں، اور انھوں نے اپنے انتخابی مہم میں مسلمانوں سے ان تعطیلات کی منظوری کا وعدہ کر رکھا تھا۔
عید اور بقرعید کے موقع پر سرکاری تعطیل کی منظوری کے لئے نیویارک کے مسلمان برسوں سے جدوجہد کرتے رہے ہیں ۔
نیویارک میں مسلم ہالی ڈیز کی منظوری سے امریکی مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور انھوں نے ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پر مبارکباد کے پیغامات دینا شروع کردئے ہیں۔
مسلم رہنماوں نے جمعہ کو ’یوم تشکر‘ منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس دن، مسلمان اجتماعات منعقد کرکے میئر اور ان کی پارٹی ڈیموکریٹس کا شکریہ ادا کریں گے۔