پاکستان سپر لیگ کے سولہویں میچ میں ملتان سلطانز نے دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 19 سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی۔
ملتان سلطانز نے صہیب مقصود کی برق رفتار اننگز کے سبب جیت کے لئے 184رنز کا ہدف دیا۔ لیکن، پشاور زلمی 164 رنز بنا سکی۔
دبئی کے ’انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم‘ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کی طرف سے احمد شہزاد اور کمار سنگاکارا نے اننگز شروع کی۔ دونوں بیٹسمینوں نے حریف بولرز کا جم کا سامنا کیا اور 51رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ کمارسنگاکارا 28 رنز بنا کر احمد شہزاد کا ساتھ چھوڑ گئے۔
کمارسنگاکارا کے آؤٹ ہونے کے بعد صہیب مقصود بیٹنگ کے لئے آئے اور احمد شہزاد کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں تیزی سے اسکور میں اضافہ کیا اور 56 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ اس دوران احمد شہزاد رن لینے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ وہ 37رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
صہیب مقصود اور نئے آنے والے بیٹسمین شعیب ملک نے رنز کی رفتار مزید تیز کی اور صرف 17 گیندوں کی شراکت میں 33 رنز بنا کر اسکور 140 تک پہنچا دیا۔ شعیب ملک کو عمید آصف نے حسن علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا ۔وہ 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
صہیب مقصود نے دھواں دار بیٹنگ کی اور صرف 42 گیندوں پر سات چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 85رنز بنائے۔ پولارڈ 16رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 53رنز پر اس کے تین ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین واپس لوٹ گئے۔ فلیچر 11، کامران اکمل 9 اور اسمتھ 18 رنز بنا سکے۔
تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد محمد حفیظ اور ویسلز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 49 رنز بناکر ٹیم کو مشکل سے نکالا۔ لیکن 102 رنز پر ویسلز 22 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔
محمد حفیظ کا ساتھ دینے کے لئے ڈاؤسن میدان میں اُترے اور دونوں نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لئے جیت کی امید پیدا کردی۔ لیکن، جب اسکور 151 رنز ہوا تو ڈاؤن 16 گیندوں پر32 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر سہیل تنویر کا شکار ہوگئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین حماد اعظم کو بھی سہیل تنویر نے بغیر کھاتہ کھولے پویلین کی راہ دکھا دی۔ حسن علی صرف تین رنز بنا سکے۔ محمد حفیظ 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
یوں پشاور زلمی 8 وکٹیں گنوا کر 164 رنز بناسکی اور ملتان سلطانز نے میچ 19رنز سے جیت لیا۔
سہیل تنویر اور پولارڈ نے تین، تین اور محمد عرفان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس جیت کے ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 9 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔
کراچی کنگز کے 7، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے 6، 6جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 4 پوائنٹس ہیں۔ لاہور قلندر اب بھی اپنے پہلے دو پوائنٹس کی منتظر ہے۔
بدھ کو بھی صرف ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔