کراچی کے ’مکا چوک‘ کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ

ایم کیو ایم کے قیام سے اب تک کی تاریخ مکا چوک کے ذکر کے بغیر مکمل نہیں ہوتی اور اب جبکہ ایک جانب اس جماعت پر مکمل پابندی لگائے جانے کی غیر مصدقہ اطلاعات گردش میں ہیں مکا چوک بھی ایک تاریخی موڑ پر

کراچی کا علاقہ عزیزآباد ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کی رہائش گاہ، ایم کیو ایم کے مرکزی دفتر نائن زیرو اور جناح گراؤنڈ کے بعد سب سے زیادہ جس حوالے سے پہچانا جاتا ہے وہ ’مکا چوک‘ ہے۔

ایم کیو ایم کے قیام سے اب تک کی تاریخ مکا چوک کے ذکر کے بغیر مکمل نہیں ہوتی اور اب جبکہ ایک جانب اس جماعت پر مکمل پابندی لگائے جانے کی غیر مصدقہ اطلاعات گردش میں ہیں مکا چوک بھی ایک تاریخی موڑ لینے والا ہے۔

جمعرات کا دن اس چوک کے حوالے سے خاصا بھاری ثابت ہوا۔ دوپہر کے وقت اچانک اس کے چاروں طرف سالوں سے آویزاں الطاف حسین کی تصاویر ہٹائے جانے کی خبریں موصول ہوئیں تو شام تک یہ فیصلہ بھی کر لیا گیا کہ مکا چوک کا نام تبدیل کر دیا جائے گا۔

چند ہی منٹوں میں یہ فیصلہ ہوا اور اس کے کچھ لمحوں بعد ہی مکا چوک کا نیا نام فائنل کرلیا گیا۔ ڈپنی کمشنر سینٹرل کو اس کا نیا نام’شہید ملت لیاقت علی خان چوک‘ رکھنے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایات دی گئیں جبکہ نئے نام کی تختی بھی نصب کئے جانے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔

مکا چوک کے گرد گھومتا ’9 ‘ کا ہندسہ
مکا چوک کے حوالے سے ایک دلچسپ پہلو یہ ہے کہ نو کا ہندسہ اس کے لئے بہت اہمیت اختیار کر گیا ہے، جیسے مکا چوک فاروق ستار کی میئر شپ کے دور میں 1991ء میں تعمیر کیا گیا تھا، جس میں دو بار نو کا ہندسہ آتا ہے جبکہ 14 اگست 2009ء میں مصطفیٰ کمال کے دور میں اس کی تزئین و آرائش کی گئی، اس میں بھی نو کا ہندسہ ہے۔

مکا چوک ’نائن ‘زیرو کے قریب واقع ہےاس میں بھی نو آتا ہے جبکہ رواں سال اس کا نام تبدیل کیا جا رہا ہے۔ اگر دو ہزار سولہ کے ہندسوں کو آپس میں جمع کیا جائے تو بھی جواب ’نو‘ بنتا ہے ۔

کچھ ماہ قبل اتاری گٗئی مکا چوک کی تصویر

شہر بھر سے الطاف حسین کی تصاویر ’غائب‘
کراچی میں آج صبح تک جگہ جگہ ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کی تصاویر لگی ہوئی تھیں، جبکہ شام ہوتے ہوتے مکا چوک سمیت شہر کے تمام علاقوں میں لگی یہ تصاویر ہٹالی گئیں۔ ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہوسکی ہے کہ تصاویر ہٹانے والے کون تھے اور انہوں نے کس کے کہنے پر یہ تصاویر ہٹائیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ جس شہر میں کوئی ایم کیو ایم کا پوسٹر تک ہٹانے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا آج اسی شہر میں اس پر اعتراض کرنے والا بھی کوئی فرد سامنے نہیں آیا، صرف سینئر رہنما فاروق ستار نے میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں اس اقدام کو غلط قرار دیا۔

کراچی کے ساتھ ساتھ حیدرآباد سے بھی پچھلے 30 سالوں سے جگہ جگہ آویزاں الطاف حسین کی تصاویر ہٹانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

Your browser doesn’t support HTML5

کراچی کے ’مکا چوک‘ کی جھلکیاں