رابرٹ ملر کی تحقیقات مکمل، رپورٹ اٹارنی جنرل کے حوالے

ابھی یہ بات واضح نہیں ہے آیا رپورٹ کو جاری کیا جائے گا یا یہ کانگریس کو فراہم کی جائے گی۔ ولیم بَر نے کہا ہے کہ ملر کے انکشافات پر وہ اپنا خلاصہ تحریر کریں گے۔

خصوصی تحقیقاتی افسر، رابرٹ ملر نے صدارتی انتخابات میں روس کی جانب سے مبینہ مداخلت اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھیوں سے ممکنہ روابط کے بارے میں اپنی تفتیش مکمل کر لی ہے۔

امریکی محکمہٴ انصاف نے بتایا ہے کہ ملر نے اپنی حتمی رپورٹ جمعے کے روز اٹارنی جنرل، ولیم بَر کے حوالے کی، جو اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ملر کی رپورٹ، جو ابھی تک صیغہٴ راز میں ہے، کی بنا پر عام سطح پر بڑی لے دے کا امکان ہے۔

اگلے اقدام کا انحصار ٹرمپ کے اٹارنی جنرل، کانگریس اور ممکنہ طور پر وفاقی عدالتوں پر ہوگا۔

ابھی یہ بات واضح نہیں ہے آیا رپورٹ کو جاری کیا جائے گا یا یہ کانگریس کو فراہم کی جائے گی۔ بَر نے کہا ہے کہ ملر کے انکشافات پر وہ اپنا خلاصہ تحریر کریں گے۔

دو سال تک جاری رہنے والی تفتیش کے نتیجے میں ٹرمپ کی صدارت پر اس کا سایہ پڑتا رہا ہے، اور اس کے نتیجے میں 34 افراد کے خلاف سنگین جرم لگ چکے ہیں، جن میں وہ چھ افراد بھی شامل ہیں جنھوں نے ٹرمپ کی صدارتی مہم کے دوران خدمات انجام دی تھیں۔