متحدہ قومی موومنٹ کا ’یومِ سیاہ‘

فائل

’یوم سیاہ کا تعلق مذہب سے ہے۔ چونکہ ،خورشید شاہ خود اپوزیشن لیڈر ہیں۔ اُنھوں نے مہاجر لفظ کو گالی سمجھا اور اِس طرح سے تضحیک کی، جس سے سب کے جذبات مجروح ہوئے‘: سید سردار احمد

اتوار کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ’یومِ سیاہ‘ کے نتیجے میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر، کراچی میں معمولاتِ زندگی متاثر رہے، جہاں مختلف علاقوں میں دوکانیں اور پیٹرول پمپ بند، جب کہ سڑکوں پر ٹریفک کم رہی۔

صوبہٴسندھ کے دیگر علاقے بھی اِس ’یوم سیاہ‘ سے متاثر رہے۔

ہفتے کو متحدہ قومی موومنٹ نے ایک اخباری کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف، سید خورشید شاہ کے لفظ مہاجر کے خلاف بات کرنے پر اتوار کو ملک گیر یوم سیاہ منایا جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سید خورشید شاہ کے بیان کو غلط سمجھا گیا۔ مزید یہ کہ جب وہ اپنے بیان پر معذرت کرچکے ہیں، تو یہ معاملہ اب ختم ہو چکا ہے۔

ایم کیو ایم کے سینئر رہنما، سید سردار احمد نے ’وائس آف امریکہ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ، ’یوم سیاہ کا تعلق مذہب سے ہے۔ چونکہ ،خورشید شاہ خود اپوزیشن لیڈر ہیں۔ اُنھوں نے مہاجر لفظ کو گالی سمجھا اور اِس طرح سے تضحیک کی، جس سے سب کے جذبات مجروح ہوئے۔‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، تاج حیدر نےبتایا کہ، ’ہم تنازع بڑھانا نہیں چاہتے۔ جو یہ کر رہے ہیں اُس سے تنازعے کو بڑھایا جارہا ہے، ختم نہیں کیا جارہا‘۔

متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی میں شاہراہِ قائدین پر احتجاج کیا اور شام کو ایم کیو ایم قیادت کی طرف سے یومِ سیاہ پر ساتھ دینے پر عوام، ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کا شکریہ ادا کیا گیا۔

بعدازاں، شہر میں معمولاتِ زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے۔