فلم چارج شیٹ کا ہیرو87 سالہ دیوآنند

فلم چارج شیٹ کا ہیرو87 سالہ دیوآنند

بالی وڈ کے صدا بہار ایکٹر دیوآنندجو اپنی عمر کے 87 ویں برس میں ہیں ،لیکن ان کارشتہ ادارکاری سے ابھی تک جڑا ہوا ہے۔

کئی عشروں تک بالی وڈ پراپنا سکہ جمانے والے دیو آنند پھر ایک بار مرکزی کردار یعنی ہیرو کی شکل میں فلم ’چارج شیٹ‘میں نمودار ہوں گے۔ اس فلم کی کہانی ایک پراسرار قتل کے گرد گھومتی ہے جس میں دیوآنند سی بی آئی افسر کے ایک افسر کا کردار ادا کررہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ نیپال کے ایک سفر کے دوران یہ کہانی ان کے ذہن میں آئی تھی ، لیکن ابتدامیں انہوں نے اس پر دھیان نہیں دیا، تاہم بعد میں اس پرایک فلم بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

فلم میں تین نئے چہروں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں دو لڑکے اور ایک لڑکی ہے۔دیوآنند نے ان کے بارے میں مزید کچھ نہیں بتایا، تاہم ان کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری میں ان تینوں کا مستقبل تابناک ہوگا اور وہ فلمی صنعت کے لیے ایک سرمایہ ثابت ہوں گے۔

فلم چارج شیٹ میں سیاستداں امر سنگھ ہوم منسٹر کے رول میں نظر آیئں گے۔ فلم کی کچھ شوٹنگ دلی میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہوئی ہے۔

اس فلم کے گیت آشابھونسلے،شنکر مہادیون،شان اور سنیدھی چوہان نے گائے ہیں۔دیوآنند ن کا کہنا ہے کہ وہ 1971ء کی اپنی ہٹ فلم’ ہرے راما ہرے کرشنا ‘ کا ری میک کررہے ہیں۔سکرپٹ تیار ہے اور فلم کی شوٹنگ نیپال میں ہوگی۔
دیوآنند کی پیدائش 26 ستمبر 1923 کو غیر منقسم صوبہ پنجاب کے شہر گرداس پور میں ہوئی تھی ۔ انہوں نے لاہور کے گورنمنٹ کالج سے انگریزی ادب میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی۔

انہیں شروع ہی سے فلموں میں کام کرنے کا شوق تھا۔انہیں پہلی بار 1946ءمیں فلم’ ہم ایک ہیں‘ میں اپنی اداکاری کے جوہردکھانے کا موقع ملا۔ 1948ءمیں اشوک کمار نے ممبئی ٹاکیز پروڈکشن کی فلم’ضدی‘میں انہیں ہیرو کا رول دیا۔ یہ فلم بہت کامیاب رہی اور اس کے بعد آنند کی کامیاببوں کاسفر جاری رہا۔ تاہم حال ہی میں ان کی تین فلمیں فلاپ ہوگیئں جن میں 2001ء کی فلم’سنسر‘ 2003ء کی فلم ’لوایٹ ٹائم‘ اور 2005ء کی فلم’مسٹر پرائم منسٹر‘ہے۔