جنگلی شیر سان فرانسسکو میں گھس آیا اور شیشہ دیکھتے ہوئے پکڑا گیا

جنگلی حیات کے حکام سان فرانسسکو میں شیر کا پیچھا کر رہے ہیں۔ (18 جون 2020)

ایک نو عمر جنگلی شیر راستہ بھٹک کر امریکہ کے ایک اہم بڑے شہر سان فرانسسکو گھس آیا اور جب وہ پکڑا گیا تو اس وقت وہ ڈاؤن ٹاؤن میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی ایک بڑی کمپنی کی عمارت کے باہر قد آدم شیشوں میں اپنا عکس دیکھنے میں محو تھا۔

جنگلی حیات کے حکام نے شیر کو بحفاظت پکڑنے کے بعد جنگل میں لے جا کر آزاد کر دیا۔

خبروں میں بتایا گیا ہے کہ راستہ بھول کر انتہائی مصروف شہر سان فرانسسکو میں داخل ہونے اور سڑکوں اور پارکوں پر بھٹکنے والے شیر کو پہلی بار دو روز قبل ایک موٹر سائیکل سوار نے رشین ہل کے علاقے میں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی تھی۔

اس کے چند گھنٹوں کے بعد ایمبرکارڈو کے علاقے میں ایک ٹیلی ویژن اسٹیشن کی پارکنگ میں اسے نگرانی کے لیے نصب کیمرے کی ویڈیو میں دیکھا گیا۔ کچھ دیر کے بعد وہ ایک آفس بلڈنگ اور ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ کی سڑک پر چہل قدمی کرتا ہوا نظر آیا۔

حکام کو خدشہ تھا کہ شیر ایک نامانوس اور اجنبی ماحول میں بھٹکنے اور واپسی کا راستہ نہ ملنے کی وجہ سے پریشان اور خوف زدہ ہو کر لوگوں پر حملہ کر سکتا ہے۔ چنانچہ پولیس نے لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر شیر کسی علاقے میں نظر آئے تو اس کی تصویریں اور ویڈیوز انہیں بھیجیں تاکہ اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔

پولیس کی ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ وہ ایک پہاڑی شیر جیسا ہے، وہ راستہ بھٹک گیا ہے اور پریشان ہے۔ وہ جنوب کی طرف جانا چاہتا ہے تاکہ وہاں سے جنگل میں چلا جائے۔ اس سے محتاط رہیں۔

جانوروں کی دیکھ بھال اور کنٹرول کے محکمے کی ترجمان ڈیب کیمبل نے بتایا کہ شیر کو ڈاؤن ٹاؤن میں اوریکل کمپنی کے دفتر کے سامنے ایک پولیس افسر نے دیکھ کر اطلاع دی۔

شیر اس وقت ایک بڑی کھڑکی کے شیشے کے سامنے کھڑا تھا اور اس میں اپنا عکس دیکھنے میں محو تھا۔ لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ وہ عکس کو اپنا بھائی یا ماں یا باپ سمجھ رہا تھا یا اسے کچھ اور ہی سمجھ کر اس میں کھویا ہوا تھا۔

پولیس افسر اس وقت تک وہاں کھڑا شیر کی نگرانی کرتا رہا جب تک جنگلی حیات کے عہدے دار موقع پر پہنچ نہیں گئے۔

کیمبل نے میڈیا کو بتایا کہ دو دنوں میں اس نے اپنی نقل و حرکت صرف چند بلاکس تک ہی محدود رکھی، جس سے پتا چلتا ہے کہ وہ پریشان اور گھبرایا ہوا تھا اور شہر سے باہر نکلنے کا راستہ ڈھونڈ رہا تھا۔ اسے بے ہوشی کی دوا کی بلٹ استعمال کیے بغیر بڑی ہوشیاری سے پکڑ لیا گیا۔

لوگوں کی نشان دہی اور نگرانی کے کیمروں کی فوٹیج سے پولیس اور جنگلی حیات کے عہدے دار مسلسل شیر کا پیچھا کرتے رہے۔

سان فرانسسکو کے پہاڑی نسل کے شیر اپنے بچوں کو دو سال کی عمر تک ساتھ رکھتے ہیں اور اس کے بعد انہیں آزادی سے گھومنے پھرنے کی اجازت دے دیتے ہیں۔ کیمبل کا کہنا تھا کہ شہر میں داخل ہونے والے شیر کی عمر دو سال سے کم لگتی تھی۔ اس لیے یہ بات حیران کن ہے کہ شیر کے والدین نے اسے فیملی چھوڑ کر جانے کی اجازت کیسے دے دی۔

شیر کو پکڑنے کے بعد اوکلینڈ زو میں جنگلی حیات کے عہدے داروں نے اس کا معائنہ کیا اور پھر اس علاقے میں لے جا کر چھوڑ دیا جو جنگلی حیات کے لیے مختص ہے۔ شیر کا وزن 50 پونڈ بتایا گیا ہے۔