ہالی وڈ کے مقبول اداکار ٹام کروز کی فلم 'مشن امپاسبل سیون' کی برطانیہ میں جاری شوٹنگ کرونا وائرس کے باعث ایک مرتبہ پھر روک دی گئی ہے۔
پیرا ماؤنٹ پکچرز نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا ہے کہ مشن امپاسبل-7 کی شوٹنگ میں شریک افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد فلم کی شوٹنگ کو دو ہفتوں کے لیے روک دیا گیا ہے۔
تاہم فلم بنانے والے اسٹوڈیو کی جانب سے اس بارے میں وضاحت نہیں کی گئی کہ کرونا وائرس سے کون متاثر ہوا ہے اور کتنے افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
پیرا ماؤنٹ پکچرز نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ فلم 'مشن امپاسبل 7' کی شوٹنگ کو 14 جون تک عارضی طور پر روکا گیا ہے جب کہ وہ تمام تر حفاظتی تدابیر اپنا رہے ہیں اور صورتِ حال کا جائزہ لیں گے۔
دوسری جانب برطانوی اخبار ’دی سن کے مطابق اداکار ٹام کروز ان افراد میں شامل نہیں ہیں جن کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تشخیص ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فلم کے نائٹ کلب کے ایک سین کی شوٹنگ کے بعد پروڈکشن میں شامل 14 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
SEE ALSO: کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی: ٹام کروز عملے پر برہم، آڈیو وائرلرپورٹس کے مطابق اداکار ٹام کروز سمیت سیٹ پر کام کرنے والے دیگر افراد نے خود کو 14 روز کے لیے قرنطینہ کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ اس فلم کی ریکارڈ پہلے بھی مختلف وجوہات کے باعث روکی جاتی رہی ہے۔ دسمبر 2020 میں اداکار ٹام کروز کی ایک آڈیو سامنے آئی تھی جس میں ان کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے پر فلم ’مشن امپاسبل 7‘ کے عملے پر چلاتے ہوئے سنا جا سکتا تھا۔
'مشن امپاسبل' سیریز کی ساتویں فلم کی شوٹنگ فروری 2020 میں کرونا وبا کی وجہ سے روک دی گئی تھی۔
اُس وقت فلم کی شوٹنگ اٹلی کے شہر وینس میں کی جا رہی تھی۔
بعد ازاں فلم کی شوٹنگ کا دوبارہ آغاز ستمبر میں اٹلی، ناروے اور لندن میں ہوا تھا۔
پیرا ماؤنٹ پکچرز کے بینر تلے بننے والی فلم 'مشن امپاسبل-7' کی ریلیز مئی 2022 میں شیڈول ہے۔
فلم ہالی وڈ کی بڑی فرنچائزز میں سے ایک ہے۔ 2018 میں 'مشن امپاسبل فال آؤٹ' نے باکس آفس پر 791 ملین ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔