صدر ٹرمپ کے سابق وکیل، مائیکل کوہن کو تین سال قید کی سزا

صدر ٹرمپ کے طویل عرصے تک ذاتی وکیل رہنے والے، مائیکل کوہن کو کانگریس سے دروغ گوئی اور دو خواتین کو زبان بند رکھنے کے لئے لاکھوں ڈالر کی ادائیگی میں معاونت سمیت مختلف جرائم پر تین سال کے لئے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ سے مبینہ تعلقات رکھنے والی ان دونوں خواتین کو خاموش رہنے کے لئے 2 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی ادائیگی کی گئی تھی، جبکہ مائیکل نے اعتراف کیا تھا۔ انھوں نے ماسکو میں بلند و بالا ٹرمپ ٹاور کی تعمیر کی کوششوں کے دوران روسی حکام سے رابطوں کے بارے میں کانگریس سے غلط بیانی کی تھی۔

52 سالہ مائیکل کوہن جنھوں نے 12 سال تک ڈونلڈ ٹرمپ کے لئے کام کیا، ایک بار کہا تھا کہ وہ صدر ٹرمپ کے لئے گولی کھا سکتے ہیں۔ لیکن، حال ہی میں انھوں نے پلٹا کھایا۔

استغاثے کا کہنا ہے کہ مائیکل کوہن نے ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر انتخابی مہم کے مالیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، فحش فلموں کی ادکارہ اسٹورمی ڈینیل اور پلے بوائے ماڈل کرن مک ڈوگل کو 2016 کے انتخابات سے کچھ ہی پہلے یہ ادائیگیاں کیں، تاکہ انھیں خاموش رکھا جا سکے اور وہ مبینہ طور پر رئیل اسٹیٹ کے اس تاجر سے اپنے تعلقات کو افشا نہ کریں۔

کوہن کے وکلا نے درخواست کی تھی کہ انھیں جیل نہ بھیجا جائے، کیونکہ ان کا یہ اقدام ٹرمپ سے گہری وفاداری کا نتیجہ تھا۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال جب کانگریس کے سامنے گواہی کی تیاری کر رہے تھے جس میں یہ بے بنیاد دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے 2016 کے اوائل میں ماسکو میں ٹرمپ ٹاور کی تعمیر کی کوششیں صدارتی امیدوار نامزد کئے جانے سے پہلے ترک کردی تھیں، تو وہ وائٹ ہاؤس کے عملے اور قانونی مشیر سے مستقل اور قریبی رابطے میں تھے۔

حال ہی میں مائیکل کوہن نے مزید بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے پورے دور میں جون 2016 تک ماسکو پروجیکٹ کے لئے کوششوں میں لگے رہے۔ تاہم، اسے بعد میں ترک کر دیا گیا۔

نیویارک میں وفاقی استغاثہ نے کوہن کو قرار واقعی سزا کا مطالبہ کیا، کیونکہ ان کے مطابق، مائیکل کوہن نے تحقیقات کے دوران کبھی بھی اپنے جرائم کے بارے میں آگاہی کے لئے مکمل تعاون نہیں کیا، جس میں ٹیکس فراڈ اور بینکوں کو غلط بیان دینا شامل ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے وکیل نے اسٹورمی ڈینیل اور مک ڈوگل کو ادائیگیوں کے مسئلے کی سنگینی کو کم کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ یہ سول مسئلہ ہے امریکی انتخابی قوانین کی مجرمانہ خلاف ورزی نہیں۔

اپنے ٹیوٹر پیغام میں صدر ٹرمپ کہا کہ مائیکل کوہن ان کے خلاف دعویٰ کرکے صرف اپنی سزا میں کمی کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

امریکی قیادت مائیکل کوہن کے الزامات پر برہم ہے اور وہ کہتے ہیں کہ وکیل مائیکل کوہن کہیں زیادہ سخت سزا کے مستحق ہیں۔