اسلام آباد اور لاہور کے درمیان موٹروے پر چکری کے قریب ایک مسافر وین اور ٹرک میں تصادم سے کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔
موٹروے پولیس کے مطابق مسافر وین جھنگ سے راولپنڈی آ رہی تھی کہ راولپنڈی کے قریب چکری کے علاقے میں ٹرک سے جا ٹکرائی۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافر وین کا ڈرائیور دوران ڈرائیونگ سو گیا اور تیز رفتاری کے ساتھ آگے جانے والے ٹرالر سے جا ٹکرایا۔
حادثے کے نتیجے میں وین میں آگ بھڑک اٹھی جس سے اس میں موجود مسافر بری طرح جھلس گئے۔
امدادی اہلکاروں کے مطابق وین کے پانچ مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ مزید نو مسافر اسپتال پہنچ کر چل بسے۔
پولیس حکام کے مطابق آتش زدگی کی وجہ سے لاشیں جل کر بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور ناقابل شناخت ہیں جس کی وجہ سے تمام لاشوں کا ڈی این اے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال راول پنڈی منتقل کیا گیا ہے جہاں ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ان کی شناخت کے بعد انہیں لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا۔
پاکستان میں ہر سال ٹریفک حادثات میں ہزاروں افراد موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔
ان حادثات کی عمومی وجہ سڑکوں کی خراب حالت، گاڑیوں کی نامناسب دیکھ بھال اور غیر محتاط ڈرائیونگ بتائی جاتی ہیں۔