پاکستان کے صوبہ پنجاب کے علاقے جہلم میں اتوار کی دوپہر سڑک کے ایک حادثے میں کم ازکم 11 افراد ہلاک اور دس زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ جی ٹی روڈ پر سوہاہ کے قریب پیش آیا جہاں اسلام آباد سے جہلم جانے والی مسافر وین اور مخالف سمت سے آنے والی کار کے درمیان تصادم ہوا۔
بتایا جاتا ہے کہ کار کا ٹائر پھٹنے سے یہ گاڑی بے قابو ہو کر وین سے جا ٹکرائی۔ مرنے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔
پولیس اور امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر یہاں سے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔
زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر سال ٹریفک حادثات میں 16 ہزار سے زائد افراد موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ان حادثات کی عمومی وجہ سڑکوں کی خراب حالت، گاڑیوں کی نامناسب دیکھ بھال اور غیر محتاط ڈرائیونگ بتائی جاتی ہیں۔
پاکستان میں حالیہ ہفتوں میں خاص طور پر دھند کے باعث ٹریفک کے حادثات میں اضافہ دیکھا گیا جس میں متعدد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔