کرونا وائرس کے ٹیسٹ اور کیسز کے اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ مختلف ملکوں میں وبا کے پھیلنے کی شرح الگ ہے۔ جن ملکوں نے بڑی تعداد میں ٹیسٹ کیے اور مریضوں کی تصدیق ہوتے ہی انھیں قرنطینہ تک محدود کر دیا، وہاں کیسز کی تعداد کم ہے۔ جن ملکوں میں زیادہ ٹیسٹ کرنے کے باوجود نقل و حرکت روکی نہیں جا سکی، وہاں مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
کرونا وائرس کے مریضوں کا ڈیٹا مرتب کرنے والی ویب سائٹ ورڈومیٹرز کے مطابق اب تک 18 ملکوں میں ایک لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ان میں اسرائیل، آسٹریا، متحدہ عرب امارات اور ناروے جیسے نسبتاً کم آبادی والے ملک شامل ہیں۔
امریکہ میں ساڑھے 18 لاکھ آبادی کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن میں سے ساڑھے 3 لاکھ افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ امریکہ کی آبادی لگ بھگ 33 کروڑ ہے، اس لیے فی الحال ایک فیصد بھی آبادی کے ٹیسٹ نہیں کیے جا سکے۔ جن لوگوں کے ٹیسٹ ہو چکے ہیں، ان میں سے 19 فیصد کے نتیجے مثبت آئے ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ امریکہ میں وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔
جرمنی میں 9 لاکھ 18 ہزار ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن میں سے ایک لاکھ ایک ہزار مثبت آئے۔ اٹلی میں سات لاکھ 21 ہزار میں ایک لاکھ 32 ہزار ٹیسٹ پازیٹو تھے۔ اسپین میں 3 لاکھ 55 ہزار میں ایک لاکھ 35 ہزار ٹیسٹ مثبت رہے۔
کینیڈا میں 3 لاکھ 30 ہزار میں ساڑھے 16 ہزار، برطانیہ میں 2 لاکھ 52 ہزار میں 51 ہزار، فرانس میں 2 لاکھ 24 ہزار میں 98 ہزار، ترکی میں 2 لاکھ 2 ہزار میں 30 ہزار اور ایران میں ایک لاکھ 80 ہزار میں 60 ہزار ٹیسٹ کے نتیجے مثبت آئے ہیں۔
سوئزرلینڈ میں ایک لاکھ 62 ہزار میں 21 ہزار، بھارت میں ایک لاکھ 40 ہزار میں 4700، ناروے میں ایک لاکھ 11 ہزار میں 5700، آسٹریا میں ایک لاکھ 11 ہزار میں 12 ہزار اور اسرائیل میں ایک لاکھ 9 ہزار میں 8600 ٹیسٹ پازیٹو ملے ہیں۔
نیدرلینڈز میں 75 ہزار میں 18 ہزار اور بیلجیم میں 70 ہزار میں 20 ہزار ٹیسٹ مثبت رہے اور ان ملکوں میں روزانہ سو ڈیڑھ سو اموات ہو رہی ہیں۔
جن ملکوں میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹ کیے گئے اور بہت کم نتائج مثبت آئے، ان میں روس، جنوبی کوریا، آسٹریلیا، متحدہ عرب امارات، ہانگ کانگ اور ویت نام شامل ہیں۔
روس میں 7 لاکھ 58 ہزار میں صرف چھ ہزار سے کچھ زیادہ ٹیسٹ مثبت رہے۔ جنوبی کوریا میں 4 لاکھ 61 ہزار میں صرف 10 ہزار ٹیسٹ مثبت آئے۔ آسٹریلیا میں 3 لاکھ 3 ہزار میں سے 5800 ٹیسٹ پازیٹو تھے۔
متحدہ عرب مارات میں 2 لاکھ 20 ہزار میں صرف 2076 ٹیسٹ مثبت رہے۔ ہانگ کانگ میں 96 ہزار میں صرف 915 اور ویت نام میں 94 ہزار میں صرف 245 ٹیسٹ پازیٹو آئے۔
پاکستان میں 36 ہزار افراد میں سے 3700 کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس سے پتا چلتا ہے کہ ہر دس میں سے ایک شخص وائرس میں مبتلا ہے۔ لیکن یہ ٹیسٹ صرف مشتبہ افراد کے کیے جا رہے ہیں اور مغربی ملکوں کی طرح بڑے پیمانے پر ٹیسٹ شروع نہیں کیے جا سکے۔