مانچسٹر یونائیٹڈ کے مداحوں کا اسٹیڈیم پر دھاوا، لیورپول کے خلاف میچ ملتوی

مانجسٹر یونائیٹڈ کے مداح گراؤنڈ میں بھی داخل ہو گئے تھے۔

فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے ہزاروں ناراض مداح لیورپول کے خلاف میچ سے قبل گراؤنڈ میں داخل ہو گئے جس کے باعث منتظمین نے میچ ملتوی کر دیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے امریکی مالکان اس کلب کو فروخت کر دیں۔

اتوار کو انگلینڈ کے شہر اولڈ ٹریفورڈ میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور لیورپول نے پریمیئر لیگ کے میچ میں مدِمقابل آنا تھا۔ تاہم میچ سے قبل ہی یونائیٹڈ کے ہزاروں مداح اسٹیڈیم کے باہر جمع ہو گئے جب کہ درجنوں گراؤنڈ میں داخل ہونے میں بھی کامیاب ہو گئے۔

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ کلب کے امریکی مالک میلکم گلیزر اسے فروخت کر دیں۔

مانجسٹر یونائیٹڈ کے مداح عرصۂ دراز سے کلب کے امریکی مالکان پر ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ پرستاروں کا یہ اعتراض رہا ہے کہ فیصلہ سازی میں مداحوں کی خواہشات کا احترام نہیں کیا جاتا اور نہ ہی اُن کی تجاویز کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔

یہ معاملہ اس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب گزشتہ ماہ کلب مالکان نے متنازع یورپین سپر لیگ میں کلب کو شامل کرنے کی ناکام کوشش کی تھی۔

مداحوں کے احتجاج کے باعث مانچسٹر یونائیٹڈ اور لیورپول کی ٹیمیں اسٹیڈیم نہیں پہنچ سکیں جس کے باعث منتظمین نے یہ میچ ملتوی کر دیا۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ پولیس، اولڈ ٹریفرڈ کونسل اور پریمیئر لیگ کی انتظامیہ کے ساتھ مشاورت کے بعد کھلاڑیوں اور عوام کی سیکیورٹی کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے لیورپول کے ساتھ کلب کا میچ ملتوی کر دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مقابلے کی نئی تاریخ اور مقام کا اعلان مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مداحوں کے پرامن احتجاج اور آزادیٔ اظہارِ رائے کا احترام کرتے ہیں۔ تاہم ہمیں افسوس ہے کہ اس کی وجہ سے کھیل میں رکاوٹ آئی جب کہ دیگر مداحوں اور پولیس کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوا۔

خیال رہے کہ فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کی ملکیت 2005 میں امریکی بزنس مین میلکم گلیزر نے حاصل کی تھی تاہم کلب کے پرستار فیصلہ سازی میں اپنی رائے شامل نہ ہونے پر گلیزر خاندان کے خلاف احتجاج کرتے آرہے ہیں۔

میلکم گلیزر کے خلاف مہم اس وقت شدت اختیار کر گئی تھی جب گزشتہ ماہ کلب نے یورپین سپر لیگ کے منصوبے میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ گلیزر کو اس لیگ کا وائس چیئرمین نامزد کیا گیا تھا۔

البتہ، شائقین کے احتجاج اور فٹ بال کی عالمی تنظیم کے سخت ردِعمل کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ نے اس متنازع منصوبے سے خود کو الگ کر لیا تھا۔ بعدازاں میلکم گلیزر نے مداحوں سے معافی بھی مانگ لی تھی۔

کرونا وبا کی وجہ سے پرستاروں کے اسٹیڈیم میں آنے پر پابندی ہے تاہم اتوار کو مشتعل مظاہرین پولیس کی رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے اسٹیڈیم تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے جب کہ درجنوں مظاہرین اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے میں بھی کامیاب ہو گئے۔

اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان معمولی جھڑپیں بھی ہوئیں تاہم بعدازاں مظاہرین منتشر ہو گئے۔

مانچسٹر یونائیٹڈ ریکارڈ 20 مرتبہ پریمیئر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے تاہم 2013 کے بعد سے کلب یہ ٹرافی جیتنے میں ناکام رہا ہے۔ اگر یونائیٹڈ یہ میچ ہار جاتا تو فٹ بال کلب مانچسٹر سٹی اس بار یہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہو جاتا۔