بلی کو واشنگ مشین میں ڈال کر ہلاک کرنے پر دو سال قید

فائل

ملائیشیا کی ایک عدالت نے ایک ٹیکسی ڈرائیور کو جمعرات کے روز دو سال قید کی سزا سنائی ہے۔ ڈرائیور پر الزام ہے کہ اس نے ستمبر میں ایک بلی کو واشنگ مشین میں ڈال کر ہلاک کر دیا تھا۔

بلی کی ہلاکت کا واقعہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملک بھر میں شدید تنقید اور برہمی کے اظہار کا باعث بنا رہا۔

ہوا یہ کہ ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں کپڑے دھونے کی ایک دکان میں رات کے وقت دو افراد داخل ہوئے۔ انہوں نے کپڑے خشک کرنے کی مشین ڈرائر میں ایک بلی کو ڈالا اور مشین میں سکے ڈال کر اسے چلا دیا، جس کے بعد وہ دونوں وہاں سے چلے گئے۔

اس واقعہ کی نشاندہی دکان میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے ہوئی، جس کی مدد سے بلی کو ڈرائر میں ڈال کر ہلاک کرنے والے دونوں افراد پکڑے گئے۔

42 سالہ ٹیکسی ڈرائیور موہن راج پہلے تو مسلسل خود پر عائد الزام سے انکار کرتا رہا، لیکن جمعرات کے روز سماعت میں اس نے اپنا جرم قبول کر لیا جس پر جج نے اسے دو سال قید کی سزا سنائی۔

ملائیشیا میں اس جرم کی زیادہ سے زیادہ سزا تین سال مقرر ہے۔

ملائیشیا کے سرکاری خبر رساں ادارے، برناما کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پراسیکیوٹرز نے پچھلے سال دوسرے شخص کے خلاف الزام واپس لے لیا تھا۔

ایک مقامی اخبار سٹار میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موہن راج نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا کہ’’میں اپنے فعل پر شرمندہ ہوں۔ میں ملائیشیا کے عوام سے معافی مانگتا ہوں اور یہ وعدہ کرتا ہوں کہ آئندہ ایسا کبھی نہیں کروں گا‘‘۔