روشن مغل
متنازعہ کشمیرکودو حصوں میں تقسیم کر نے والی عارضی بندی لائن پر پاک بھارت افواج کے درمیان کشیدگی بدستور جاری ہے اور منگل کے روز بھی دونوں افواج کے درمیان پاکستانی کشمیر کے ہجیرہ اور کوئی رٹہ سیکٹرز میں گولہ باری کا تبادلہ ہو ا ، جس میں حکام کے مطابق تین افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔ پاکستانی کشمیر کے ضلع راولاکوٹ کے ڈپٹی کمیشنر چوہدری الطاف نے بتایاکہ ہجیرہ سیکٹر کے ایک سرحدی گاؤں کے ایک گھر پر لائن آف کنٹرول کی بھارتی جانب سے داغا جانے والا ایک مارٹر گولا گرنے سے ایک عورت اور اسکی بیٹی موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔ جب کہ اسی علاقے کا ایک اور نوجوان بھی گولے کے ٹکڑے لگنے سے ہلاک ہو گیا۔
پاکستانی کشمیر کے حکام کا کہنا ہے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران کنڑول لائن کے پار سے ہو نے والی گولہ باری اور فائرنگ کی زد میں آکر ڈیڑھ درجن سے افراد مارے جا چکے ہیں۔
گولہ باری کا نشانہ بننے والے سرحدی علاقوں میں، تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دیئے گئے ہیں اور وہاں سے ہزاروں افراد نقل مکانی کر کے محفوظ علاقوں میں چلے گئے ہیں۔
تاہم کنٹرول لائن پر جاری کشیدگی کے باوجود منقسم کشمیر کے دو حصوں کے درمیان ہفتہ وار بس اور ٹرک سروس بدستور جاری ہے ۔
بھارتی کشمیر کے علاقے اڑی میں ستمبر کے مہینے میں بھارتی فوج کے ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز پر عسکریت پسندوں کے ایک مبینہ حملے میں 19 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد دونوں ممالک کی افواج کے درمیان لائن آف کنٹرول پر جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں دونوں أطراف میں درجنوں عام شہری ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔