لیبیا: عبوری کونسل کا سرت کے ایک بڑے حصے پر قبضے کادعویٰ

لیبیا: عبوری کونسل کا سرت کے ایک بڑے حصے پر قبضے کادعویٰ

لیبیا کی قومی عبوری کونسل کی فورسز نے پیر کے روز کہاکہ انہوں نے معمرقذافی کے وفادار جنگجوؤں کو ان کے آبائی قصبے ’سرت‘ کے ایک حصے تک محدود کردیا ہے۔

لیکن وہاں سے آنے والی اطلاعات کا مطابق شدید جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اتوار کے روز ، لیبیا کی عبوری حکومت کے سربراہ نے کہا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ آئندہ چند ہفتوں تک مسٹر قذافی کے حامیوں کے باقی ماندہ ٹھکانوں پر بھی قبضہ ہوجائے گا۔

قومی عبوری کونسل کے چیئر مین مصطفی عبدالجلیل نے اتوار کو کہا تھا کہ دارالحکومت طرابلس کے جنوب مشرق میں واقع سرت اور بنی ولید میں قذافی کے حامیوں کے خلاف بڑی فوجی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

سرت میں این ٹی سی کے جنگجوؤں کا کہناہے کہ شہر میں واقع کنونشن سینٹر کی عمارت پر ان کا قبضہ ہے جسے قذافی کے حامی فوجی کارروائیوں کے لیے اپنے ایک مرکز کے طورپر استعمال کررہے تھے۔

انہوں نے حالیہ دنوں کی لڑائی کے بعد سرت کے مرکزی اسپتال اور یونیورسٹی پر بھی قبضے کا دعویٰ لیا ہے ۔

گذشتہ تین روز کی لڑائیوں میں قومی عبوری کونسل کے 30 سے زیادہ جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 400 سے زیادہ زخمی ہیں۔ لیکن یہ معلوم نہیں ہے کہ قذافی کی وفادار فورسز کا کتنا جانی نقصان ہواہے۔

این ٹی سی کے عہدے داروں کا کہناہے کہ سرت پر کنٹرول سے انہیں دنیا کو یہ پیغام دینے میں مدد ملے گی کہ ملک کے تمام اہم ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں پر عبوری حکومت کا قبضہ ہے۔

سرت دارالحکومت طرابلس سے 360 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے اور اس کی حیثیت مسٹر قذافی کے حامیوں کے ایک اہم مرکز کی ہے۔ قومی عبوری کونسل کے جنگجوؤں گذشتہ تین ہفتوں سے شہر پر قبضے کی کوششیں کررہے ہیں۔