'میرے پاس تم ہو' کی آخری قسط رکوانے کے لیے درخواست دائر

فائل فوٹو

پاکستان کے نجی چینل اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کی آخری قسط روکنے کے لیے لاہور کی رہائشی خاتون ماہم بی بی نے عدالت سے رجوع کیا ہے۔

درخواست ماہم بی بی نے اپنے وکیل ماجد چوہدری ایڈووکیٹ کی وساطت سے سول کورٹ میں دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈرامے میں خواتین کی مسلسل تضحیک اور عورت کو معاشرے میں کم تر دکھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ڈرامے کی آخری قسط کو نشر نہ ہونے دیا جائے۔

خاتون کا موقف سننے کے بعد عدالت نے 24 جنوری کے لیے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل 'میرے پاس تم ہو' کی آخری قسط 25 جنوری کو سنیما گھروں میں دکھائی جائے گی۔ اس ڈرامے کی آخری قسط 18 جنوری کو نشر ہونا تھی لیکن مقبولیت کے پیش نظر انتظامیہ نے اسے 25 جنوری کو سنیما گھروں میں دکھانے کا فیصلہ کیا۔

اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سی ای او جرجیس سیجا کے مطابق سنیما ہالز میں 25 جنوری کو دو خصوصی اقساط رات آٹھ بجے سے 10 بجے تک دکھائی جائیں گی۔

'میرے پاس تم ہو' کو ندیم بیگ نے ڈائریکٹ کیا ہے جب کہ فنکاروں میں ہمایوں سعید، عائزہ خان، عدنان صدیقی، سویرا ندیم اور حرا مانی شامل ہیں۔

دوسری جانب ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمٰن قمر وائس آف امریکہ کو دیے گئے انٹرویو میں کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے جب بھی لکھا، عورت کے لیے لکھا ہے۔

خلیل الرحمٰن قمر کا یہ بھی کہنا ہے کہ معاشرہ اچھی عورت چلاتی ہے۔ اس اچھی عورت پر میری توجہ ہے اور رہے گی۔

ڈرامے کے موضوع پر پاکستان میں عورت اور مرد کے حقوق کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی تھی۔