لاہور قلندرز پہلی بار پی ایس ایل کی چیمپئن ٹیم بن گئی، فائنل میں ملتان کو شکست

لاہور  قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے جس کے جواب میں ملتان کی پوری ٹیم 19 اعشاریہ تین اوورز میں 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 42 رنز سےشکست دے کر پہلی بار چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

اتوار کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے جس کے جواب میں ملتان کی پوری ٹیم 19 اعشاریہ تین اوورز میں 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

دفاعی چیمپئن ملتان اپنے ٹائٹل کا دفاع نہ کر سکی اور اسے فائنل میں 42 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور عبد اللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا۔ پی ایس ایل کے سب سے کامیاب بیٹر فخر زمان تیسرے اوور میں صرف تین رنز بنا کر آصف آفریدی کی گیند شاہنواز دہانی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس وقت لاہور قلندزر کا مجموعی اسکور صرف 12 تھا۔

واضح رہے کہ فخر زمان پی ایس ایل کے 12 میچوں میں 48.75 کی اوسط کے ساتھ سب سے زیادہ 585 بنانے والے بیٹر تھے۔

فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد ذیشان اشرف عبد اللہ شفیق کا ساتھ دینے آئے۔ البتہ چوتھے ہی اوور میں ذیشان اشرف کو ملتان سلطان کے کپتان اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے ڈیوڈ ویلے کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ کیا۔ عبد اللہ شفیق نے پانچ گینوں پر سات رنز بنائے تھے۔

کامران غلام اگلے بلے باز تھے البتہ دوسرے اینڈ پر موجود عبد اللہ شفیق پانچویں اوور میں آصف آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں اسٹمپ ہو کر پولین واپس لوٹ گئے۔ اس وقت لاہور کا اسکور صرف25 رنز تھا اس کے بعد محمد حفیظ آئے جنہوں نے کامران غلام کے ساتھ مل کر اسکور کو 79 تک پہنچایا۔ کامران غلام 20 گیندوں ہر 15 رنز بنا کر 12ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔

ہیری بروک نے میدان میں آکر محمد حفیظ کے ساتھ اسکور 137 تک پہنچایا۔ اٹھارویں اوور میں محمد حفیظ شان مسعود کے ہاتھوں شاہنواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 46 گیندوں پر 69 رنز بنائے تھے۔ واضح رہے کہ یہ ان کی اس ٹورنامنٹ میں پہلی ففٹی تھی۔

ہیری بروک نے 22 گیندوں پر 41 اور ڈیوڈ ویزے نے 8 گیندوں پر 28 رنز بنا کر اننگز کو اختتام تک پہنچایا۔

ملتان سلطانز کے آصف آفریدی نے چار اوورز میں 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ ڈیوڈ ویزے اور شاہنواز دھانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تھا تو لاہور قلندرز نے شان مسعود اور محمد رضوان کو تیز بیٹنگ سے روک رکھا۔

ملتان سلطانز کو پہلا نقصان چوتھے اوور میں اس وقت ہوا جب 36 کے مجموعی اسکور پر کپتان اور پی ایس ایل میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے محمد رضوان 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان نے پی ایس ایل میں 11 میچوں میں 76 کی اوسط سے 532 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر رہے۔

محمد رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد شان مسعود19 رنز، عامر عظمت 6 رنز، آصف آفریدی ایک رنز، روسو 15 رنز ٹم ڈیوڈ 27 رنز اورخوش دل شاہ 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئےخوش دل شاہ ملتان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔

رومان ریس شاہین آفریدی کی گیند پر چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے چار اوورز میں 30 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جس کے ساتھ وہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔

عمران طاہر ملتان کے آخری کھلاڑی تھی جو 138 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے۔اس کے ساتھ ہی لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 42 رنز سے شکست دی۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز پی ایس ایل کے سات ایڈیشنز میں دوسری بار فائنل تک پہنچی تھی جس نے سابقہ چیمپئن ملتان کو شکست دی۔

ملتان سلطانز کو فائنل سے قبل صرف ایک میچ میں شکست ہوئی تھی جس میں لاہور قلندزر نے ہی کامیابی سمیٹی تھی۔

لاہور قلندرز کی جیت کو شائقینِ کرکٹ کیسے دیکھتے ہیں؟

سات برس کی محنت رنگ لے آئی اور لاہور قلندرز کی ٹیم نے پہلی بار پی ایس ایل کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔ اس موقع پر جہاں کرکٹرز نے ٹیم کی تعریف کی وہیں لیجنڈز بھی ا نہیں داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مقبول شعیب اختر نے سوشل میڈیا کے ذریعے شاہین شاہ آفریدی اور لاہور قلندرز کو شاندار فتح پر مبارک باد دی۔

اس وقت افغانستان اور بنگلہ دیش کی سیریز میں مصروف لاہور قلندرز کے اسپنر راشد خان نے بھی اپنی ٹیم کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بوم بوم شاہد آفریدی نے بھی شاہین شاہ آفریدی کو چیمپئن قرار دیتے ہوئے لاہور قلندرز کے تمام اسکواڈ کو مبارک باد دی۔

پی ایس ایل فور کی چیمپئن ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی شاہین آفریدی کی قیادت کی تعریب کیے بغیر نہ رہ سکے۔

معروف کمنٹیٹر ایلن ولکنز بھی لاہور قلندر ز کو جیت کی مبارک باد دی۔