کیا لیڈی گاگا برازیل میں مفت کانسرٹ کرنے والی ہیں؟ 

  • لیڈی گاگا مئی 2025 میں ریو دی جنیرو کے کوپاکبانا بیچ پر فری کانسرٹ کریں گی۔
  • گلوکارہ کا کانسرٹ ریو دی جنیرو کے میئر کی جانب سے شروع کیا جانے والا اقدام 'سیلی بریشن مئی' کا حصہ ہے۔
  • رواں برس مئی میں ریو دی جنیرو کے کوباکابانا ساحل پر امریکی گلوکارہ میڈونا کا بھی مفت کانسرٹ منعقد کیا تھا۔

ویب ڈیسک _ معروف پاپ گلوکارہ لیڈی گاگا کے برازیل کے شہر ریو دی جنیرو میں مئی 2025 میں فری کانسرٹ کرنے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے اس معاملے سے باخبر رہنے والے دو ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلوکارہ مئی 2025 میں ریو دی جنیرو کے کوپاکبانا بیچ پر فری کانسرٹ کریں گی۔

'رائٹرز' کے مطابق یہ کانسرٹ ریو دی جنیرو کے میئر کی جانب سے شروع کیا جانے والا اقدام 'سیلی بریشن مئی' کا حصہ ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیلی بریشن مئی کے تحت بین الاقوامی سپر اسٹارز کو تقریبات میں مفت پرفارم کرنے کے لیے لایا جائے گا جو مقامی معیشت کے لیے مددگار ثابت ہو گا۔

البتہ لیڈی گاگا کے میوزک لیبل 'یونیورسل میوزک' سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

دوسری جانب برازیل کے مقامی اخبار 'دی ریو ٹائمز' نے بھی رپورٹ کیا ہے کہ برازیل میں مئی 2025 میں لیڈی گاگا کے مفت کانسرٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔

ریاض سیزن: فیشن شو میں جینیفر لوپیز کی پرفارمنس

یاد رہے کہ رواں برس مئی میں ریو دی جنیرو کے کوباکابانا ساحل پر امریکی گلوکارہ میڈونا کا بھی مفت کانسرٹ منعقد کیا گیا تھا جس میں لاکھوں افراد شریک ہوئے تھے۔

ایک ذرائع نے نام نے ظاہر کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ "آپ شرط لگا سکتے ہیں کہ یہ لیڈی گاگا ہی ہوں گی اور کانسرٹ 3 مئی کو ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی آفیشل اعلان ہونا باقی ہے۔"

'رائٹرز' کے مطابق ریو دی جنیرو کے ہوٹل یونین کے ہیڈ الفریڈو لوپیز کا کہنا ہے کہ "میئر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ ریو میں بڑے شوز لائیں گے، میڈونا کا شو بہت بڑی کامیابی تھا۔ لیڈی گاگا کا شو بھی سپر ہٹ ہو گا جو سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔"

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔