جان کیری کا غیر اعلانیہ دورہ افغانستان

واشنگٹن اور کابل کے درمیان اگر کوئی معاہدہ طے نہیں پاتا تو 2014ء کے بعد امریکی فورسز افغانستان سے چلی جائیں گی۔
امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری افغان صدر حامد کرزئی سے مذاکرات کے لیے جمعہ کو غیر اعلانیہ دورے پر افغانستان پہنچے۔

جان کیری یہ دورہ ایسے وقت کر رہے ہیں جب افغانستان میں امریکی فوجیوں کے مستقبل میں کردار کے حوالے سے واشنگٹن اور کابل کے درمیان ’’سکیورٹی معاہدہ‘‘ طے کرنے کی ڈیڈ لائن قریب آ رہی ہے۔

دونوں ممالک کوشش کر رہے ہیں کہ اکتوبر کے اواخر تک ایک ایسے معاہدے پر اتفاق ہو جائے جس میں 2014ء کے اختتام تک افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلا کے بعد وہاں امریکی فوجیوں کی موجودگی کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہو۔

دونوں ممالک ایک سال سے زائد عرصے سے افغانستان میں امریکی افواج کے مستقبل کے کردار پر بات کرتے آئے ہیں لیکن وہ اس بارے میں تاحال کسی معاہدے پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔

اگر واشنگٹن اور کابل کے درمیان کوئی معاہدہ طے نہیں پاتا تو 2014ء کے بعد امریکی فورسز افغانستان سے چلی جائیں گی۔