'کہانی سنو' یوٹیوب کی ٹاپ 10 میوزک ویڈیوز میں شامل پہلا پاکستانی گانا

کیفی خلیل کا گانا 'کہانی سنو' میوزک اسٹریمنگ کمپنی اسپوٹی فائے پر پاکستان کے ٹاپ گانوں کی فہرست میں نمبر ایک پر ہے۔

نوجوان پاکستانی گلوکار کیفی خلیل کا گانا 'کہانی سنو' پاکستان سمیت دنیا بھر میں اتنا پسند کیا گیا ہے کہ اب یہ یوٹیوب کی ٹاپ 10 گلوبل ویڈیوز میں شامل ہو گیا ہے۔

'کہانی سنو' یوٹیوب کی گلوبل میوزک ویڈیو چارٹ کی ٹاپ 10 ویڈیوز میں شامل ہونے والا پہلا پاکستانی گانا بن گیا ہے۔ یہ گانا اس وقت فہرست میں آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

اس فہرست میں کیفی خلیل کے گانے کے ساتھ ساتھ عالمی شہرت یافتہ گلوکاروں کے گانے موجود ہیں جن میں امریکی گلوکارہ سلینا گومیز اور نائجیرین گلوکار ریما کا 'کام ڈاؤن گانا بھی شامل ہے۔

یوٹیوب کی ٹاپ 10 گلوبل میوزک ویڈیوز میں 'کہانی سنو' شامل ہونے پر پاکستانی موسیقار اور گلوکار ذوالفقار جبار خان عرف زلفی نے اتوار کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی۔

زلفی نے کہا کہ "یہ شاید کسی پاکستانی گانے اور فن کار کے لیے سب سے بڑی کامیابی ہے۔"

انہوں نے کہا کہ یوٹیوب کی ٹاپ 10 گلوبل میوزک ویڈیوز میں معروف پاپ اسٹار ریانا اور بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ کا گانا شامل نہیں ہے۔

گلوکار نے مزید کہا کہ کراچی کے علاقے لیاری کے ایک گلوکار نے محبت کے ساتھ بغیر کسی بڑے اسٹوڈیو کے 'کہانی سنو' بنایا۔

زلفی کے بقول "میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ یہ تمام فن کاروں کے لیے ممکن ہے، ہم نے پاکستانی فن کاروں کو بغیر کسی پلیٹ فارم کے ابھرتے ہوئے دیکھا ہے۔"

یوٹیوب کے گلوبل چارٹ تک پہنچنے والے گلوکار کیفی خلیل نے بھی تمام چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

کیفی خلیل نے 'کہانی سنو' گزشتہ برس جون میں اپنے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا تھا اور اب تک اس گانے کو یوٹیوب پر ساڑھے گیارہ کروڑ بار سنا جا چکا ہے۔

Your browser doesn’t support HTML5

کوک اسٹوڈیو میں بلوچی گانے سے دھوم مچانے والے لیاری کے کیفی خلیل کی کہانی

یہ گانا میوزک اسٹریمنگ کمپنی اسپوٹی فائے پر پاکستان کے ٹاپ گانوں کی فہرست میں نمبر ایک پر رہنے کے ساتھ ساتھ یوٹیوب کے گلوبل ٹاپ میوزک ویڈیو اور گانوں میں بھی شامل ہے۔

اس گانے کو گانے والے گلوکار کیفی خلیل کا تعلق کراچی کے علاقے لیاری سے ہے جو اپنے گھر کے چھوٹے سے اسٹوڈیو سے گزشتہ برس کوک اسٹوڈیو تک پہنچے تھے۔

انہوں نے 'کوک اسٹوڈیو' کے سیزن 14 میں 'کنا یاری' گایا تھا جسے کافی پسند کیا گیا تھا۔