بافٹا ایوارڈز کے لیے نامزدگیوں کی دوڑ میں 'جوکر' سب آگے  

فلم 'جوکر 'سب سے زیادہ 11 نامردگیاں حاصل کرنے میں کامیاب رہی، 'دی آئرش مین' اور 'ونس اپون اے ٹائم ان ہالی وڈ' کو 10، 10 نامزدگیاں حاصل ہوئیں۔ (فائل فوٹو)

نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی شوبز کی دنیا میں ایوارڈز سیزن بھی شروع ہو گیا ہے۔

دو روز قبل 'گولڈن گلوب ایوارڈز' کا اعلان ہوا تھا جس کے بعد اب دو فروری سے شروع ہونے والے ’دی برٹش اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلی وژن آرٹس‘ یعنی 'بافٹا' کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔

بدھ کو 'بافٹا 'کے لیے مختلف کیٹیگریز کے لیے فلموں کی نامزدگیوں کا اعلان بھی سامنے آ گیا ہے۔ جس کے مطابق ہالی وڈ فلم 'جوکر' سب سے زیادہ 11 نامردگیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

نیٹ فلکس کی فلم 'دی آئرش مین' اور 'ونس اپون اے ٹائم ان ہالی وڈ' کو 10،10 نامزدگیاں حاصل ہوئی ہیں۔

حیران کن طور پر 'گولڈن گلوب ایوارڈز' میں بہترین فلم کا ایوارڈ جیتنے والی فلم '1917' بافٹا کی نامزدگی کی دوڑ میں تیسرے نمبر پر آئی ہے۔ اسے نو کیٹیگریز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

اس طرح بہترین فلم کی کیٹیگری میں مجموعی طور پر پانچ فلموں یعنی جوکر، 1917، دی آئرش مین، ونس اپون اے ٹائم ان ہالی وڈ اور پیرا سائٹ کو منتخب کیا گیا ہے۔

'بافٹا' ایوارڈز کی تقریب آئندہ ماہ دو فروری کو لندن میں منعقد ہوگی۔

'بافٹا ایوارڈز 2020' کے لیے بہترین اداکاروں کی کیٹیگری میں لیونارڈو ڈی کیپریو، ایڈم ڈرائیور، ٹیرون اگرٹن، جیکون فنکس اور جوناتھن پرائس کو نامزد کیا گیا ہے۔

بہترین اداکارہ کی کیٹیگری کے لیے جوہانز سنز، سائروسی رونن، چارلیز ٹیرون، جیسے بکلے اور رنی زیلوگر کی نامزدگی عمل میں آئی ہے۔

'بافٹا' ایوارڈز کو 'آسکر' اور 'گولڈن گلوب ایوارڈز' کے بعد اہم ترین برٹش فلمی ایوارڈز تصور کیے جاتے ہیں۔ ان ایوارڈز میں سال کی بہترین فلموں، اداکاروں و ہدایت کار سمیت 25 کیٹیگریز کی نامزدگیوں کا اعلان کیا جاتا ہے۔

'بافٹا' ایوارڈز کی تقریب آئندہ ماہ دو فروری کو لندن میں منعقد ہوگی۔