انگلش کرکٹر جیمز اینڈرسن نے فٹ رہنے کا منفرد طریقہ ڈھونڈ لیا

کرونا وائرس کے نتیجے میں دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں۔ ایسے میں کھلاڑیوں نے خود کو فٹ رکھنے کے لیے گھروں میں ہی جتن کرنا شروع کر دیے ہیں۔ لیکن انگلش کرکٹر جیمز اینڈرسن نے خود کو فٹ رکھنے کے لیے منفرد طریقہ اپنایا ہے۔

یہ ہے 'خیالی سائیکل ریس' کا منفرد آئیڈیا۔ انگلش کرکٹرز نے خود کو نئے چیلنجز کے لیے فٹ رکھنے کی غرض سے گھر پر ہی 'ورچوئل سائیکل ریس' میں حصہ لیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'فرانس 24' کے مطابق انگلش بالر جیمز اینڈرسن کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ٹیم کے ساتھیوں کے ساتھ خیالی سائیکل ریس کرنا، ایک نیا ہتھیار ہے۔

اینڈرسن نے اپنے ساتھی فاسٹ بالر اسٹیورٹ براڈ اور مارک ووڈ کے ساتھ ورچوئل سائیکل ریس کی جس میں اسٹیورٹ براڈ فاتح رہے جب کہ اینڈرسن بہت قریب رہتے ہوئے دوسرے نمبر پر آئے۔

جیمز اینڈرسن نے جنوبی افریقہ میں پسلی کی انجری کے باعث جنوری سے اب تک کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ فٹ رہنے کے لیے گھر پر ہی مختلف ورزشیں بھی کر رہے ہیں اور اپنی بیٹیوں کو اٹھا کر ویٹ لفٹنگ کرتے ہیں۔

اینڈرسن نے کہا کہ اگر کرکٹ دوبارہ جلد شروع نہ ہوئی اور آئندہ چند سالوں میں کوئی نیا اولمپک کھیل ہوا تو میں اس میں بھی حصہ لے سکتا ہوں۔

اینڈرسن کا مزید کہنا تھا کہ وہ گھر پر رہتے ہوئے ایسے کام کر رہے ہیں جن میں طاقت کا استعمال زیادہ ہو۔ کیوں کہ بالنگ کی پریکٹس کے لیے گھر میں جگہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح انگلینڈ بھی کرونا وائرس سے شدید متاثر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 500 سے زائد افراد ہلاک اور مریضوں کی تعداد 12 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔