اٹلی کی نیوی نے کہا ہے کہ بحیرہ روم سے گزشتہ چند روز کے دوران 1250 تارکین وطن کو بچایا گیا ہے۔
بحریہ نے جمعہ کو بتایا کہ ان افراد کو رواں ہفتے کے دوران مختلف علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے آپریشن کے دوران ’ریسکیو‘ کیا گیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق کم از کم ایک تارک وطن کی لاش ملی۔
اٹلی کے عہدیداروں نے کہا کہ جن تارکین وطن کو بچایا گیا ہے کہ اُن کی حالت عمومی طور پر ٹھیک ہے۔
نائیجیریا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے امداد کے لیے پہنچنے والی کشتی پر ہی ایک بچے کو جنم دیا۔
اٹلی افریقی ممالک اور وسط مشرقی ممالک سے غیر قانونی طور پر آنے والے تارکین وطن کے مسئلے سے نمٹنے کی کوششوں میں مصروف ہے، ان ممالک سے آنے والے لوگ یورپ میں داخلے کے لیے اٹلی سے ہو کر گزرتے ہیں۔
عہدیداروں نے بتایا کہ اس سال 1,65,000 تارکین وطن نے اٹلی عبور کیا جب کہ گزشتہ سال ایسے افراد کی تعداد 60,000 تھی۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق لگ بھگ 3400 افراد یورپ میں داخلے کی کوشش کے دوران ہلاک بھی ہوئے۔