اسرائیل کے صدر نے وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے اتحادی بینی گینتز کو حکومت بنانے کی دعوت دیتے ہوئے ایک سال سے جاری سیاسی عدم استحکام کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تا کہ کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کیے جاسکیں۔
رواں ماہ دو مارچ کو ہونے والے انتخابات کے بعد اتوار کو بینی گینتز 120 ارکان پر مشتمل پارلیمنٹ میں سے 61 ارکان کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔
اسرائیل میں ایک سال سے بھی کم عرصے کے دوران ہونے والے یہ تیسرے انتخابات تھے۔ کوئی بھی جماعت حکومت سازی کے لیے درکار 61 نشستیں حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق اسرائیلی صدر ریون ریولین کا اعلان اسرائیلی تاریخ میں طویل ترین مدت کے لیے وزارت عظمیٰ کے منصب پر رہنے والے دائیں بازو کے بنیامین نیتن یاہو کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
صدارتی دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق صدر ریون ریولین پیر کو بلیو اینڈ وائٹ پارٹی کے سربراہ بینی گینتز کو حکومت سازی کا کام سونپیں گے۔
تاہم اس کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ سابق فوجی سربراہ بینی گینتز کی حمایت کرنے والے ارکانِ پارلیمان اتحادی حکومت کے قیام کی شرائط پر رضا مند ہوجائیں گے۔
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتِ حال میں اسرائیلی صدر کی طرف سے بینی گینتز اور نیتن یاہو دونوں سے وقتی طور پر عبوری حکومت میں خدمات سرانجام دینے کا کہا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اب تک اسرائیل میں 213 مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ عوامی اجتماع پر پابندی کے علاوہ اسکول، کالجز، یونیورسٹیز، ریستوران اور کیفے بھی بند ہیں۔
اسرائیلی صدر نے بینی گینتز اور نیتن یاہو کو ہنگامی مذاکرات کے لیے اتوار کو مدعو کیا تھا۔ تاہم یہ مذاکرات بھی بے نتیجہ رہے۔
بلیو اینڈ وائٹ پارٹی اور نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ پارٹی کی طرف سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان کے مطابق مذاکرات کا ایک دور پیر کو بھی ہو گا۔
بینی گینز کی جماعت کو پارلیمان میں درمیانی بائیں بازو کے اتحاد کی حمایت بھی حاصل ہے۔
وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے اتوار کو چھ ماہ کے لیے عبوری حکومت کی تجویز دی تھی۔ جس کی وہ خود قیادت کریں گے۔ تاہم بیبی گینتز کی طرف سے نیتن یاہو پر شدید تنقید کی گئی۔
خیال رہے کہ بنیامین نیتن یاہو پر پچھلے سال نومبر میں رشوت ستانی، دھوکہ دہی اور اعتماد کو ٹھیس پہنچانے جیسے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ جبکہ وہ ان الزامات کی صحت سے انکار کرتے ہیں۔
SEE ALSO: اسرائیل: انتخابی نتائج سے قبل ہی نیتن یاہو کا کامیابی کا دعویٰنیتن یاہو کے خلاف مقدمے کی سماعت کا آغاز رواں ہفتے منگل کے روز سے ہونا تھا۔ تاہم یروشلم ڈسٹرکٹ کورٹ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اُنہیں ہدایات دی گئی ہیں کہ صرف ہنگامی نوعیت کے مقدمات کی سماعت کی جائے۔
ڈسٹرکٹ کورٹ کا مزید کہنا ہے کہ اب نیتن یاہو کے مقدمے کی سماعت 24 مئی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔