اتوار کو اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اپنی کابینہ کو بتایا کہ پچھلے چھتیس گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فضائیہ نے شام کے اندر ایرانی ہتھیاروں کے ذخائر کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کامیاب حملوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اسرائیل شام میں ایرانی سرگرمیوں کو روکنے کے سلسلے میں پر عزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل شام میں ایران کو قدم جمانے نہیں دے گا۔ ہم نے ایران اور حزب اللہ کے سینکڑوں ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
برطانیہ میں قائم شامی ابزرویٹری برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ یہ تازہ حملہ دمشق کے جنوب میں کسوے علاقے کے قریب واقع ایک ہوائی اڈّے کے قریب کیا گیا ہے۔
اسرائیل نے حال میں کھل کر اس موقف کا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے کہ ایران شام کے راستے حزب اللہ کو اسلحہ بھیج رہا ہے۔ حال ہی میں اسرائیل کی فوج کے سبک دوش ہونے والے سربراہ نے اخبار ’نیو یارک ٹائمز‘ کو بتایا کہ اسرائیل اس سے پہلے بھی ہزاروں حملے کر چکا ہے، جس کا نہ تو اُس نے اعلان کیا اور نہ ہی ان کی ذمّہ داری قبول کی۔