اسلام آباد کی بین الاقوامی اسلامک یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں کے درمیان جھگڑے اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک طالب علم ہلاک جب کہ درجن سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
کشیدہ صورتِ حال کے پیش نظر یونیورسٹی انتظامیہ نے جمعے کو جامعہ بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
طلبہ گروپوں کے درمیان تنازع کے بعد پیدا شدہ کشیدہ صورت حال کو معمول پر لانے کے لیے کمشنر اسلام آباد نے رینجرز کو طلب کر لیا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری بھی جامعہ کے اطراف تعینات کر دی گئی ہے۔
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں جماعت اسلامی کی طلبہ تنظیم کا کتب میلہ جاری تھا کہ مبینہ طور پر سرائیکی اسٹوڈنٹ کونسل کے طلبہ نے تقریب پر حملہ کر دیا۔ پتھراؤ اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک درجن سے زائد طالب علم زخمی ہوگئے ہیں۔
زخمی ہونے والے طلبا کو پمز کمپلیکس اسپتال پہنچایا گیا ہے جہاں زخمی طالب علم طفیل الرحمٰن دم توڑ گیا۔
طلبا تنظیموں کے درمیان تصادم اُس وقت ہوا جب جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اسپتال کے حکام کے مطابق زخمیوں میں مرتضٰی احمد، علی نقوی عمار، ضیا شفیق، اسامہ امیر، جمال، نعمان زمان، فیصل اقبال، عبدالرحمان اور معراج ملک شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ طالب علموں کے دو گروہوں کے درمیان تصادم کے بعد سیکیورٹی انتظامات کر لیے گئے ہیں۔
مسلح تصادم کی وجہ سے جامعہ میں زیر تعلیم دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ہاسٹل میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ کشیدگی کے باعث جمعے کو جامعہ میں تعلیمی سرگرمیاں نہیں ہو سکیں گی۔
نائب امیرِ جماعت اسلامی، میاں اسلم نے پمز میں زخمیوں کی عیادت کے بعد مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
بتایا جاتا ہے کہ دونوں طلبہ تنظیموں کے درمیان پہلے سے کشیدگی پائی جاتی تھی جو کہ جمعرات کو ہونے والی تقریب کے دوران اشتعال انگیزی کی صورت اختیار کر گئی جس کے نتیجے میں پتھراؤ اور فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
یاد رہے کہ ان دنوں پاکستان میں طلبہ تنظیموں پر جامعات میں عائد پابندی ختم کرنے کی مہم چل رہی ہے، جس پر وزیرِ اعظم نے ایک کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے جو ان تنظیموں کے حوالے سے قواعد و ضوابط مرتب کرے گی۔