عراق کے شہر تکریت میں پولیس میں بھرتی کے خواہشمند افراد پر منگل کو کیے گئے خودکش بم حملے میں کم از کم 45 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
حکام نے بتایا ہے کہ خودکش حملہ آور نے پولیس اسٹیشن کی عمارت کے باہر موجود ایک سو سے زائد افراد کے قریب پہنچ کر جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کر دیا۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ حملے کے بعد علاقے کی مسجدوں سے زخمیوں کے لیے خون کے عطیات دینے کی اپیل بھی کی گئی۔
اگست 2010ء میں دارالحکومت بغداد میں پولیس کے ایک بھرتی مرکز پر ہونے والے حملے میں 61 افراد ہلاک اور لگ بھگ 125 زخمی ہو گئے تھے۔