ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے امریکہ کو لیبیا میں فوجی مداخلت کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہاہے کہ اس عمل کا نتیجہ امریکی فوجیوں کے قبرستان کی شکل میں ظاہر ہوگا۔
مسٹر احمدی نژاد نے یہ تبصرہ مغربی ایران کے صوبے لورستان میں اپنی ایک تقریر کے دوران کیا ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال ، دس سال قبل امریکی صدر جارج بش کے دور سے یکسر مختلف ہے، جب امریکہ اور اس کے اتحادی عراق اور افغانستان گئے تھے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ اگر مغرب نے خطے میں دوبارہ کوئی فوجی کارروائی کی تو شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے ممالک ان کے خلاف جنگ کے لیے اٹھ کھڑے ہوں گے۔
مسٹر احمدی نژاد نے امریکی حکومت پر یہ الزام بھی لگایا کہ وہ علاقے میں آمروں کی حمایت کررہی ہے۔