ایران کے جوہری توانائی کے سربراہ کی آئی اے ای اے چیف سے ملاقات

ایران کے جوہری توانائی کے سربراہ کی آئی اے ای اے چیف سے ملاقات

ایران کے جوہری توانائی کے سربراہ اور جوہری سرگرمیوں سے متعلق اقوام متحدہ کے نگران اعلیٰ کے درمیان ایران کے متنازع جوہری پروگرام پر بات چیت ہوئی ہے۔ یہ بات چیت ایک ہفتے پر محیط جوہری تحفظ سے متعلق کانفرنس کے موقع پر الگ سے ہوئی ۔

ایران کے فریدون عباسی کا کہنا ہے کہ منگل کے روز ویانا میں جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے کے سربراہ یوکیو امانو کے ساتھ مفید بات چیت ہوئی ۔ امانو ایرا ن کے متنازع جوہری پروگرام پر تنقید کرتے رہے ہیں۔

اس ماہ کے شروع میں امانو نے کہاتھا کہ یہ ا مکان موجود ہے کہ ایران نے فوجی مقاصد کے لیے اپنے جوہری کام میں کوئی پیش رفت کی ہو۔انہوں نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ ایران بین الاقوامی جوہری معانئہ کاروں کے ساتھ تعاون نہیں کررہا۔

ایران کے صدر محمود احمدی نژاد ملک کے جوہری پروگرام کے فوجی مقاصد سے تعلق کے الزام کو مسترد کرچکے ہیں۔

مغربی ممالک کا خیال ہے کہ ایران پرامن جوہری توانائی کی آڑ میں جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل کرنے کی کوشش کررہاہے جب کہ ایران کا کہناہے کہ اس کا پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔