ایران کو اپنی بڑی غلطی کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، نیتن یاہو

مسجد اقصی کے پس منظر میں ایرانی میزائل اسرائیلی فضائی حدود میں دیکھے جا سکتے ہیں، منگل یکم اکتوبر 2024، رائیٹرز

  • ایران نے اسرائیل پر تقریباً 180بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا۔
  • نیتن یاہو نے کہا کہ کہا کہ ایران نے آج رات ایک بڑی غلطی کی ہے اور اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
  • ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے میزائل حملے، اسرائیل کی جارحیت کے خلاف پرعزم ردعمل تھا۔
  • ایرانی حملہ غیر مؤثر رہا، بائیڈن
  • مشرق وسطی کی صورت حال پر غور کرنے کے لیے سیکیورٹی کونسل کا اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوگا۔
  • عالمی رہنماؤں کی ایرانی میزائل حملے کی مذمت

ایران نے منگل کی شام اسرائیل پر تقریباً 180یلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ اسرائیل کے وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے آج رات ایک بڑی غلطی کی ہے اور اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو۔فائل فوٹو

انہوں نے اپنے بیان میں کہا، ’’ایران میں موجود حکومت ہمارے دفاع کے عزم کو سمجھنے میں ناکام رہی ہے اور وہ اپنے دشمنوں سے بدلہ لینے کے ہمارے عزم کو بھی نہیں سمجھتی۔‘‘

رائٹرز کے مطابق اسرائیل کے اقوام متحدہ کے لیے سفیر نے ایک الگ بیان میں کہا ہے کہ ایران اپنے اقدامات کا خمیازہ جلد بھگتے گا اور وہ جواب اس کے لیے بہت تکلیف دہ ہوگا۔

صیہونی جارحیت کے خلاف پرعزم ردعمل دیا گیا، ایرانی صدر

دوسری طرف ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایکس(سابق ٹوئیٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے میزائل حملے، اسرائیل کی جارحیت کے خلاف پرعزم ردعمل تھا۔

انہوں نے کہا کہ "ایران اور خطے کے لیے امن اور سلامتی" کے مقصد کے ساتھ ایران کے "جائز حقوق" کی بنیاد پر، اسرائیل کو "ایرانی مفادات اور شہریوں کے دفاع میں" فیصلہ کن جواب دیا گیا۔

نیتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے پزشکیان نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کو یہ جان لینا چاہیے کہ "ایران جنگ کا خواہاں نہیں ہے لیکن کسی بھی خطرے کے خلاف مضبوطی سے کھڑا رہے گا"۔

یہ حملہ اسرائیل اور ایرانی حمایت یافتہ گروپوں، حزب اللہ اور حماس کےدرمیان مہینوں سے جاری کشیدگی کے دوران کیا گیا ہے۔ اس حملے کی عالمی رہنماؤں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔

SEE ALSO: اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں عالمی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے ’معاہدۂ مستقبل‘ منظور

بدھ کو سیکیورٹی کونسل کا اجلاس

سوئٹزرلینڈ نے، جس کے پاس اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی صدارت ہے، ایک بیان میں کہا ہے کہ مشرق وسطی کی صورت حال پر غور کرنے کے لیے سیکیورٹی کونسل کا اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوگا۔

ایران کی جانب سے حملہ غیر مؤثر رہا، بائیڈن

امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے ایک بیان میں اسرائیل کو امریکہ کی جانب سے مکمل حمایت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اور کہا ہے کہ امریکہ کی قومی سلامتی کی ٹیم اپنے اسرائیلی ہم منصبوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

رپورٹرز کی جانب سے پوچھے جانے پر کہ وہ کیا سمجھتے ہیں کہ اس حملے کا اسرائیل کیسے جواب دے، انہوں نے کہا کہ یہ اب ایک جاری مکالمہ ہے اور وہ نیتین یاہو سے بات کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے لیے اس حملے کے نتائج ابھی دیکھنے باقی ہیں۔

SEE ALSO: غزہ میں جنگ بندی کی فوری ضرورت ہے: صدر بائیڈن کا اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب

امریکی نائب صدر اور نومبر میں ہونے والے امریکی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے بھی ایک بیان میں صدر بائیڈن کے ایرانی میزائلوں کو گرانے کے احکام کی حمایت کی ہے۔

کملا ہیرس

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ ایران مشرق وسطی میں غیر مستحکم کرنے والی اور خطرناک طاقت ہے۔ ان کا کہا تھا کہ وہ اس بات کو ہمیشہ یقینی بنائیں گی کہ اسرائیل ایران اور اس کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف اپنا دفاع کرنے کے قابل رہے۔

برطانوی وزیراعظم کی ایرانی میزائل حملوں کی مذمت

برطانوی وزیراعظم کئیر سٹارمر نے منگل کے روز رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور یہ کہ ایسا حملہ کسی صورت بھی قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس کے دفاع کے حق کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو فی الفور ایسے حملے بند کر دینے چاہئے۔

یورپی یونین خطے میں جنگ کو روکنے کے لیے پرعزم ہے، جوزف بورنیل

یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے چیف جوزف بورنیل نے ایکس (سابق ٹوئیٹر) پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یورپی یونین ایران کے اسرائیل پر حملے کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔

ان کے بیان میں کہا گیا کہ فریقین کی جانب سے حملوں اور جوابی حملوں کی وجہ سے صورت حال بے قابو ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں خطے میں فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔

ایران کے لیے ان حملوں کے سنگین نتائج ہوں گے، وائٹ ہاؤس

اس سے قبل امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیون نے کہا تھا کہ اسرائیل پر ایران کے منگل کے روز کیے گئے میزائل حملوں کو شکست ہوئی اور یہ حملے ان کے بقول غیر موثر رہے۔

وائٹ ہاوس میں بریفنگ دیتے ہوئے جیک سولیون نے ایرانی حملوں کو ناکارہ بنانے میں امریکی کردار کی بھی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حملے شکست سے دوچار ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم واضح کر چکے ہیں کہ ایران کے لیے ان حملوں کے سنگتین نتائج ہوں گے۔

اسی اثنا میں ایران کے سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل پر حملے میں ایران نے پہلی مرتبہ اپنا ہائپر سانک میزائل ’فتح‘ استعمال کیاہے۔

اس خبر کے لیے کچھ مواد رائیٹرز سے لیا گیا۔