کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی دوڑ میں ملکی و غیر ملکی کوچز شامل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کے لیے ملکی اور غیر ملکی کوچز میدان میں آگئے ہیں۔ امیدواروں کے انٹرویوز آج ہو رہے ہیں۔

پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے سابق کپتان وقار یونس اور مصباح الحق امیدوار کی حیثیت سے پہلے ہی لاہور میں موجود ہیں جبکہ غیر ملکی کوچز کے انٹرویوز ویڈیو لنک کے ذریعے کیے جائیں گے۔

غیر ملکی کوچ کے طور پر دو نام سامنے آئے ہیں جن میں ڈین جونز اور کورٹنی والش شامل ہیں۔

ہیڈ کوچ کے انتخاب کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے بدھ کو 5 رکنی پینل تشکیل دیا گیا تھا۔ یہی پینل، ٹیم منیجمنٹ کے لیے درخواست گزاروں کے انٹرویوز کرے گا۔

پی سی بی کا پینل انتخاب عالم، بازید خان، رکن گورننگ بورڈ اسد خان، سی ای او پی سی بی وسیم خان اور ڈائریکٹر ذاکر خان پر مشتمل ہے۔

ہیڈ کوچ کا نام فائنل ہونے کے بعد بیٹنگ اور اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچز کے لیے انٹرویوز ہوں گے۔ پینل سفارشات تیار کر کے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بھیجے گا۔

پینل جس امیدوار کے نام کی سفارش کرے گا اس کی تقرری کا حتمی اختیار پی سی بی چیئرمین احسان نامی کے پاس ہوگا۔

پی سی بی کے مطابق بیٹنگ کوچ اور ٹرینر کا انتخاب جمعے کو ہوگا۔ توقع ہے کہ نئے ہیڈ کوچ کا باضابطہ اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔

پی سی بی انٹرویوز کے لیے فائنل کیے گئے امیدواروں کے نام جاری نہیں کرے گا۔

اطلاعات کے مطابق پینل کی جانب سے امیدوار کے نام فائنل ہوتے ہی اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

مقامی میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ پی سی بی کی ترجیح ہے کہ نیا ہیڈ کوچ ملکی ہو جبکہ رپورٹس میں یہ امکانات بھی ظاہر کیے جارہے ہیں کہ ہیڈ کوچ کو ہی چیف سلیکٹر بنایا جائے گا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ جو بھی کوچ بنے گا اس کے مشورے سے بقیہ کوچز کی تقرری عمل میں آئے گی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع سے انکار کردیا تھا۔

مکی آرتھر کے علاوہ جن افراد کے معاہدے 15 اگست کو ختم ہوئے ہیں۔ اُن میں بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بولنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لوڈن شامل تھے۔