انڈونیشیا: پل گرنے سے 18 افراد ہلاک

انڈونیشیا: پل گرنے سے 18 افراد ہلاک

انڈونیشیا میں امدادی ٹیموں کا کہناہے کہ منگل کے روز ملک کے مغربی حصے میں ایک پل گرنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 18 ہوگئی ہے جب کہ درجنوں افراد اب بھی لاپتا ہیں اور ان میں سے کئی ایک کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

جزیرہ بورنیو میں سان فرانسسکو کے گولڈن بریج طرز کا بنا ہوا یہ پل ہفتے کے روز منہدم ہو گیاتھاجس کے نتیجے میں درجنوں گاڑیاں گہرے دریائے ماہاکم میں گر گئی تھیں۔

720 میٹر لمبے پل کر گرنے سے کم ازکم 39 افراد زخمی بھی ہوئے۔

لاپتا افراد کے بارے میں خیال ہے کہ وہ دریا کی تہہ میں بیٹھ جانے والی کاروں اور بسوں میں پھنسے ہوئے ہیں ، جن کے زندہ بچنے کے امکانات اب بہت کم ہیں۔

خبررساں ادارے روئیٹرز کا کہناہے کہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے زیر آب کوششیں منگل تک شروع نہ کی جاسکیں کیونکہ یہ خدشات موجود تھے کہ پل کے ستون غیر مستحکم ہیں اور باقی ماندہ پل کسی وقت بھی گر سکتا ہے۔