بیٹیوں اور بہوؤں کا ہمیشہ خیرمقدم کریں گے: سشما سوراج

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج (فائل فوٹو)

منگل کو ممبئی کے رہنے والے ایک شخص نے ٹوئٹر پر وزیر خارجہ سے درخواست کی تھی کہ اس کی پاکستانی اہلیہ کے لیے بھارت کا ویزہ دلانے میں مدد کی جائے۔

بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج بیرون ملک مقیم بھارتیوں کے مسائل پر توجہ دلائے جانے پر فوری کارروائی کرنے کی وجہ سے خاصی شہرت رکھتی ہیں اور اکثر بھارتی شہری ٹوئٹر پر ان سے اپنے مختلف مسائل کے حل میں معاونت کی درخواست کرتے نظر آتے ہیں۔

منگل کو ممبئی کے رہنے والے ایک شخص نے ٹوئٹر پر وزیر خارجہ سے درخواست کی کہ اس کی پاکستانی اہلیہ کے لیے بھارت کا ویزہ دلانے میں مدد کی جائے۔

اس پر سشما سوراج نے ٹوئٹر پر اس شخص کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ "بھارتی بیٹیاں اور بہوئیں پاکستان یا کسی بھی ملک سے ہوں ان کا ہمیشہ خیرمقدم ہے۔"

ڈاکٹر عظمیٰ بھارت پہنچنے پر صحافیوں سے بات کر رہی ہیں۔

اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر سمشا سوراج کئی ایسے مسائل پر ٹوئٹر کے ذریعے علم ہونے پر کارروائی کرتی رہی ہیں۔ خواہ وہ پاکستانی شہری سے شادی کرنے والی بھارتی خاتون ڈاکٹر عظمی کی واپسی کا معاملہ ہو چاہے ایک پاکستانی کم سن بچے روحان کے علاج کے لیے بھارتی ویزے کا اجرا۔

بھارتی وزارت خارجہ نے علاج کے لیے بھارت آنے کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی طرف سے ویزہ درخواست کے ساتھ خصوصی خط پیش کرنے کا کہہ رکھا ہے۔

لیکن روحان کو بھارتی وزیرخارجہ نے اس شرط سے استثنیٰ دے دیا تھا۔

موقر امریکی اخبار 'وال اسٹریٹ جرنل' نے منگل کو اپنے ایک مضمون میں سشما سوراج کو "بھارت کی محبوب ترین سیاست دان" قرار دیا ہے۔