بھارتی روپے کی قدر میں مسلسل کمی

بھارتی روپے کی قدر میں مسلسل کمی

جمعرات کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر میں چوتھے روز بھی کمی ہوئی ۔ جس کے بعد بھارتی روپیہ اپنی ریکارڈ کم تر سطح پر آگیا۔

دن کے آغاز پر ایک ڈالر کے مقابلے میں 54 بھارتی روپے مل رہے تھے۔

جولائی کے بعد سے اب تک بھارتی روپے کی قدر میں تقریباً 20 فی صد تک کمی آچکی ہے۔

کمی کے اس رجحان کی ایک اہم وجہ یہ ہے غیر ملکی سرمایہ کار بھارتی مارکیٹوں سے مسلسل اپنا سرمایہ نکال رہے ہیں کیونکہ وہ اس ابھرتی ہوئی معیشت میں سرمایہ کاری کو اب محفوظ نہیں سمجھ رہے ۔

کئی معاشی ماہرین کو توقع ہے کہ بھارت کا مرکزی بینک روپے کی تیزی سے گرتی ہوئی قدر پر قابو پانے کے لیے اپنے وسط سہ ماہی جائزے میں، جو جمعے کو پیش کیا جارہاہے، سخت اقدامات کا اعلان کرے گا۔

روپے کی قدر میں کمزوری نے بھارتی معیشت سے متعلق خدشات میں اضافہ کردیا ہے۔ بھارتی حکومت نے اس سال کے شروع میں اقتصادی ترقی کےلیے مقررہ کردہ اپنے 8.5 فی صد سالانہ ہدف کو گھٹا کر اب 7.5 فی صد کردیا ہے۔

حالیہ مہینوں میں کئی ایشیائی ممالک کی کرنسیوں میں ڈالر کے مقابلے میں کمی ہوئی ہے لیکن علاقے کے دیگر سب ممالک کے مقابلے میں بھارتی روپیہ زیادہ تیزی سے گرا ہے۔