پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہےکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اسٹیبلشمنٹ اور پاکستان کی سب سے بڑی جماعت پی ٹی آئی کے درمیان نفرت کے بیج بونے کے لیے اپنے بیانات سے کسی کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔
عمران خان نے اتوار کی شب اپنی ٹوئٹ میں الزام عائد کیا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنی کرپشن چھپانے کے لیے تحریکِ انصاف اور مقتدرہ یعنی اسٹیبلشمنٹ کے درمیان دوریاں پیدا کر رہے ہیں۔
ان کا ردعمل وزیرِ اعظم کی اتوار کی اس ٹوئٹ پر تھا جس میں شہباز شریف نے عمران خان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اپنی پراکسیز کے ذریعے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی دھمکیوں کی مہم چلا رہے ہیں جو بری طرح آشکار ہوگئی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں ایک بار پھر نو مئی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہونے والی سازش کے ہر منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلر کو کچل دیا جائے گا۔
مضحکہ خیز الزامات عائد کرنے کی بجائے جس سوال کا جواب شہباز شریف کے ذمے ہے وہ یہ کہ 9 مئی کے واقعات کا سب سے بڑھ کے فائدہ کسے پہنچا/ کس نے اٹھایا؟جس ہتک آمیز طریقے سے مجھے اسلام آباد ہائیکورٹ (کے اندر) سے اغوا کیا گیا گویا میں ایک مجرم تھا، جبکہ اسی دوران میرے وکلاء اور اسلام… pic.twitter.com/fJFy9cxTJ0
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 9, 2023
عمران خان نے اپنے ردِ عمل میں وزیرِ اعظم کے بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سوال کا جواب شہباز شریف کے ذمے ہے کہ نو مئی کے واقعات کا سب سےبڑھ کرفائدہ کسے پہنچا، یا کس نے اٹھایا؟
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آزادانہ تحقیقات میں یہ ثابت ہو جائے گا کہ انتخابات میں تحریکِ انصاف کے ہاتھوں شکست کے خوف سے شہباز شریف اور ان کے اتحادی تحریکِ انصاف کے خلاف کریک ڈاؤن میں ملوث ہیں۔
مہم کہاں چلی؟
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنی ٹوئٹ میں آرمی چیف پر قاتلانہ حملے کی ’مہم‘ سے متعلق بیان کی مزید تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔البتہ مقامی میڈیا کے مطابق متعلقہ اداروں کو ملک کے اندر اور باہر اس مہم کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
البتہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی صحافی شاہین صہبائی کا کہنا ہے کہ ان کی ایک ٹوئٹ کو بنیاد کر وزیرِ اعظم نے آرمی چیف پر حملے کی سازش کا بے بنیاد الزام عائد کیا ہے۔
انہوں نے یو ٹیوبر عادل راجہ کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ سات جولائی کو انہوں نے پاکستانی صحافی معید پیرزادہ کے ساتھ گفتگو میں ان کے اس سوال پر کہ جبر کا دور کب تک چلتا ہے، کہا تھا کہ سمجھنے والوں کے لیے اشارہ کافی ہوتا ہے۔ ایک چھوٹا سا حادثہ تاریخ کا رخ موڑ دیتا ہے-
THANKS, Mr PM for Tweeting My comments on Dr Moeed Show. Here ismy response to your utterly baseless Accusations. Just firethe idiot Who Wrote your Tweet Because Now you will have Toprovide evidence and prove Your Charges Orface international Humiliation. Watch thevideo…
— SHAHEEN SEHBAI (@SSEHBAI1) July 10, 2023
انہوں ںے مثال کے طور پر 1968 میں پشاور کے جلسے میں اس وقت کے فوجی حکمران جنرل ایوب خان پر ہونے والے حملے کا حوالہ دیا تھا اور کہا تھا کہ گولی ایوب خان کو لگی تو نہیں تھی لیکن اس دن ان کے جبر کا محل دھڑام سے گرگیا تھا۔
سمجھنے والوں کے لئے : آج دوست ڈاکٹر معید پیرزادہ کے ساتھ انٹرویو میں کئی باتیں ہویئں مگر ایک بات ذرا گہری تھی - انہوں نے پوچھا جبر کا دور کب تک چلتا ہے - میں نے کہا ایک چھوٹا سا حادثہ تاریخ کا رخ موڑ دیتا ہے- مثال: میں 1968 میں پشاور کے اس جلسے میں موجود تھا جب کوئی 20 فٹ دور…
— SHAHEEN SEHBAI (@SSEHBAI1) July 7, 2023
شاہین صہبائی نے کہا کہ وزیرِ اعظم کو اس شخص کو برطرف کردینا چاہیے جس نے انہیں یہ ٹوئٹ لکھ کردی کیوں کہ انہیں اب اپنے الزامات کے لیے ثبوت پیش کرنا ہوں گے یا پھر عالمی سطح پر تضحیک کا سامنا کرنا ہوگا۔
آرمی چیف پر قاتلانہ حملے سے متعلق وزیرِ اعظم کی ٹوئٹ کئی ٹاک شوز میں بھی زیرِ بحث آئی جس میں مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے وزرا نے اس کا دفاع کیا ہے۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھی اپنی ٹوئٹ میں عمران خان پر ’غیر ملکی شہریوں کے ذریعے سازش‘ کی خبر پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔ تاہم اس بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔
عمران خان جب سے سیاسی یتیم ھواھے اسکا سازشی ذہن اسکو چین سے رھنے نہیں دے رہا۔ اب سمندر پار غیر ملکی شہریوں کے ذریعے سازش کی بے بنیاد خبر پھیلا رہا ھے۔ یہ 9مئی کی سازش کی ناکامی کے بعد اقتدار کی گود میں دوبارہ آنے کی ایک اور کوشش ھے۔ انشاءاللہ آنے والے انتخابات ایک جمہوری اور… https://t.co/FEbvArAphM
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) July 9, 2023
اس سے قبل رواں برس مارچ میں بھی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے الزام عائد کیا تھا کہ عمران خان کی ایما پر آرمی چیف کے خلاف بیرونِ ملک مہم چلائی جارہی ہے۔
تحریکِ انصاف نے اس وقت بھی وزیرِ اعظم کے الزامات کی تردید کی تھی۔