نواز شریف کے خلاف سازش نہیں ہوئی، عمران خان

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنی تقریر میں ’انکشاف ‘ کیا کہ’’ مجھے اور عمران خان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا لیکن اجرتی قاتل پکڑے گئے۔‘‘

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ’’نواز شریف کے خلاف جو کچھ ہوا وہ سازش نہیں، یہ نیا پاکستان ہے لیکن اب جو نواز شریف کر رہے ہیں وہ عدالت اور نیب پر دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے۔ چھ ماہ سے عدالت نواز شریف کے خلاف تحقیقات کررہی تھی۔ ‘‘

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی رات راولپنڈی کے لیاقت باغ میں عوامی مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے مشترکا جلسے سے تقریر کے دوران کیا۔

عمران خان کے خطاب کا ایک بڑا حصہ نواز شریف پر تنقید پر مشتمل تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے جی ٹی روڈ پر جو ڈرامہ کیا وہ دباؤ ڈالنے کے علاوہ کچھ نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نواز شریف 30 سالوں تک اداروں پر قابض رہے۔‘‘

عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ہم ٹیکس اصلاحات، میرٹ کا نظام اور احتساب پر زور دیں تو عظیم قوم بن جائیں گے۔ نواز شریف سپریم کورٹ، جے آئی ٹی اور فوج کے خلاف بھی بول رہے ہیں۔ یہ عدالت پر دباؤ کے زمرے میں آتا ہے۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر نواز شریف پر الزام لگایا کہ ’’نواز شریف 30 سال سے اداروں پر اپنا قبضہ جمائے بیٹھے ہیں، پہلی بار نہ تو وہ جے آئی ٹی کو قابو کر سکے اور نہ سپریم کورٹ کو لہٰذا ان کے نزدیک یہ سازش ہے، لیکن یہ سازش نہیں بلکہ نیا پاکستان ہے جہاں ججز کو نہیں خریدا جا سکتا۔ ‘‘

ادھر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنی تقریر میں ’انکشاف ‘ کیا کہ’’ مجھے اور عمران خان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا لیکن اجرتی قاتل پکڑے گئے۔‘‘

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی جلسے میں تقریر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالا، اسی جرم میں انہیں سبکدوش کیا گیا۔

جلسے کے دورانےتیز بارش بھی ہوئی لیکن اس کے باوجود لوگ اور ٹی آئی کے تمام رہنما موجود رہے ۔

جلسے میں پی ٹی آئی کی اب تک کی روایات کے مطابق خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور نواز شریف کے خلاف اور پی ٹی آئی کے حق میں نعرے لگائے۔