جنسی زیادتی کے الزام میں کئی روز سے نیویارک کی ایک جیل میں بند عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سابق سربراہ کو رہا کرکے انھیں گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے۔
اسٹراس کان کو مجبوراً اپنے ایک پرتعیش اپارٹمنٹ کے بجائے کسی عارضی گھر میں رہنا ہو گا کیونکہ اطلاعات کے مطابق ان کے پڑوسیوں کے تحفظات تھے کہ میڈیا اسٹراس کی کوریج کے لیے وہاں جمع ہو جائے گا۔
آئی ایم ایف کے سابق سربراہ پر گذشتہ ہفتے نیویارک کے ایک ہوٹل کی ملازمہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزم ہے جس کی وہ تردید کرتے ہیں۔ اگر یہ الزام ثابت ہوجاتا ہے تو اسٹراس کان کو کئی سالوں تک قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
رواں ہفتے انھوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ عالمی مالیاتی فنڈ نے ایک روز قبل کہا تھا کہ ادارے نے ان کی جگہ آئی ایم ایف کے نئے صدر کی تعیناتی کے لیے ابتدائی کام شروع کردیا ہے۔ آئی ایم ایف کے ایک ترجمان کے بقول ادارے کے ایگزیکٹو بورڈ کو امید ہے کہ وہ 30جون تک کسی امیدوار کا انتخاب کرلیں گے۔