امام الحق نے کپل دیو کا 36 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

امام الحق (فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر، امام الحق نے سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو کا 36 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

یہ ریکارڈ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف برسٹل میں منگل کو کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کے دوران توڑا۔

انہوں نے 131 گیندوں پر 151 رنز بنائے جن میں ایک چھکا اور 16 چوکے بھی شامل تھے۔

اس اسکور کی بدولت، وہ انگلینڈ میں ہونے والے ایک روزہ میچ کے دوران 150 رنز بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔

اب تک یہ ریکارڈ سابق بھارتی کپتان کپل دیو کے نام تھا جنہوں نے 36 سال پہلے یعنی 1983ء میں زمبابوے کے خلاف 175 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

اس وقت کپل دیو کی عمر 24 سال 163 دن تھی جب کہ امام الحق نے ان کا یہ ریکارڈ 23 سال 153 دن کی عمر میں توڑ دیا۔

تیسرے ون ڈے میں کھیلی گئی اس اننگز کے سبب وہ انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچز میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

یہ اعزاز اس سے پہلے فخر زمان کے پاس تھا جنہوں نے 138 رنز بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

فخر زمان نے 20 برس بعد اعجاز احمد کا ریکارڈ توڑا تھا، لیکن امام الحق نے اگلے ہی میچ میں ان سے یہ ریکارڈ چھین لیا۔

اعجاز احمد نے 1999ء میں انگلینڈ کے خلاف 137 جب کہ 1987ء میں جاوید میانداد نے 113 رنز بنا کر ریکارڈ قائم کیا تھا۔

پی سی بی نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے یہ اعداد و شمار شیئر کیے ہیں: