آئیڈیل شریک حیات کیسا ہونا چاہیئے؟

نتائج سے پتا چلا کہ عام صنفی اختلافات کی بنیاد پر مرد ایک آئیڈیل شریک حیات کے طور پر دبلی پتلی اور پرکشش عورت کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ ایک آئیڈیل مرد کی تعریف یہ ہے کہ وہ مالی طور پر مستحکم ہو۔

مرد اور عورت کے لیے شریک حیات کے انتخاب میں ترجیحات کیوں مختلف ہوتی ہیں، اس راز سے سائنس دانوں نے پردہ اٹھا دیا ہے۔ جن کا کہنا ہے کہ مرد اور عورت شریک حیات کو کیسا دیکھنا چاہتے ہیں، تو اس حوالے سے آج بھی دونوں جنسوں میں دقیانوسی تصورات زیادہ اہم ہیں۔

نئی تحقیق میں محققین نے اس بات کا خلاصہ کرتے ہوئے کہا کہ شریک حیات کے انتخاب میں مرد اور عورت کی سوچ روایتی ہے، یعنی مرد شریک حیات کے طور پر ایک پرکشش عورت کو پسند کرتا ہے اور دوسری طرف عورت کے لیے دولت مند شخص ایک آئیڈیل شریک حیات ہوتا ہے۔

ماہرین نے کہا کہ اگرچہ مرد اور عورت کی نفسیات میں زیادہ فرق نہیں ہے، لیکن ایک ہی جیسی ترجیحات رکھنے کے باوجود شریک حیات کے انتخاب میں دونوں میں بنیادی صنفی فرق پایا جاتا ہے۔

محققین نے مطالعے میں مرد اور عورت کی خصوصیات کو مدنظر رکھتے ہوئے شریک حیات کے انتخاب کے حوالے سے دونوں جنسوں کی ترجیحات پر تفصیلی تجزیہ پیش کیا ہے۔

تحقیقی مطالعہ سے وضاحت ہوئی کہ مرد کے لیے آئیڈیل جیون ساتھی کا تصور ایک دبلی پتلی عورت ہے، جیسا کہ مشاہدے سے ثابت ہوا کہ مرد شرکاء کی 80فیصد تعداد نے اسے ایک جیون ساتھی کے لیے ایک مثالی خوبی قرار دیا۔

اس نتیجے کے برعکس عورتوں میں جیون ساتھی کے لیے دبلا پتلا ہونا ایک اہم خصوصیات نہیں تھی جن میں 50 فیصد عورتوں نے شادی کے لیے مرد میں دبلے پتلے ہونے کو ایک خوبی کے طور پر دیکھا۔

شرکاء عورتوں میں سے 97 فیصد نے ایک شخص کے ساتھ نئی زندگی شروع کرنے کے لیے جیون ساتھی میں مستحکم آمدنی کو اہم خصوصیات بتایا، اسی طرح 74 فیصد مردوں کے مطابق شریک حیات کی مالی حیثیت زیادہ اہم تھی۔

محققین نے کہا کہ نتائج حیرت انگیز نتائج نہیں تھے لیکن مطالعے سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ ایسے مرد اور عورت جو اپنی ظاہری خوبصورتی کے تصور سے مطمئین تھے انھوں نے مستقبل کی شریک حیات میں پرکشش ہونے کو زیادہ اہمیت دی تھی ۔

محققین نے کہا کہ ایک شخص آئیڈیل شریک حیات میں کونسی خصوصیات دیکھنا چاہتا ہے اس کا مکمل انحصار اس کی اپنی شخصیت پر ہوتا ہے۔

نتائج سے پتا چلا کہ عام صنفی اختلافات کی بنیاد پر مرد ایک آئیڈیل شریک حیات کے طور پر دبلی پتلی اور پرکشش عورت کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ ایک آئیڈیل مرد کی تعریف یہ ہے کہ وہ مالی طور پر مستحکم ہو ۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ بڑی عمر کے افراد میں جیون ساتھی کی خصوصیت کے لیے پرکشش ہونا کم اہم تھا، کیونکہ اس عمر میں مرد اور عورت ایک جیسے کیرئیر اور آمدنی کما رہے ہوتے ہیں تو ان میں دولت مند شریک حیات کی خواہش بھی اہم نہیں رہتی ہے ۔