سری لنکا کے خلاف نیوزی لینڈ کی ایک وکٹ سے فتح

کارڈف میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن سنگاکارا کے علاوہ کوئی کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔

اتوار کو کارڈف میں ہونے والے میچ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور حریف کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف دیا۔

نیوزی لینڈ نے یہ ہدف 36.3 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اس سے قبل سری لنکا کی پوری ٹیم 37.5 اوورز میں 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سنگاکارا آٹھ چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنا کر قابل ذکر بلے باز رہے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے میک کلنگن نے چار، ملز اور میک کلم نے دو، دو جب کہ وٹوری نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کا آغاز بھی کچھ اچھا نہیں تھا اور اس کے بلے باز سری لنکن باؤلروں کا جم کر مقابلہ نہ کرسکے۔

ملنگا نے چار اور ارینگا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں سری لنکا نے کلاسیکرا کی جگہ شماندا ارینگا جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں تقریباً دو سال بعد واپسی ہوئی ہے۔

اس سے قبل گروپ اے کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 48 رنز سے شکست دی تھی۔