یمن: حوثی باغیوں کا سعودی ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ

فائل فوٹو

یمن کے حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب کا ایک ہیلی کاپٹر مار گرایا ہے، جس میں دو پائلٹ بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق، سعودی ہیلی کاپٹر مار گرانے کا اعلان حوثی باغیوں نے جمعے کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔

حوثی باغیوں کے ترجمان یحیٰی ساریہ نے کہا کہ ان کے جنگجوؤں نے یمن اور سعودی عرب کی سرحد کے نزدیک ایک ہیلی کاپٹر مار گرایا ہے جس میں دو سعودی پائلٹ بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

یحییٰ ساریہ نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس سے ہیلی کاپٹر مکمل طور پر جل کر تباہ ہوا جبکہ اس میں سوار دونوں پائلٹ بھی نشانہ بنے۔

دوسری جانب سعودی عرب کے حکام نے اب تک اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

خیال رہے کہ یمن گزشتہ کئی برس سے جنگی حالات کا سامنا کر رہا ہے۔ یمن میں جنگ کا آغاز 2015 میں اس وقت ہوا تھا جب ایران نواز حوثی باغیوں نے عالمی حمایت یافتہ یمنی حکومت کا تختہ الٹ کر دارالحکومت صنعا پر قبضہ کر لیا تھا۔

سعودی عرب نے اس وقت کے یمنی صدر منصور ہادی کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا اور مارچ 2015 میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی تھی۔

سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے اکثر حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے جاتے ہیں جب کہ حوثی باغی بھی وقتاً فوقتاً سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں میزائل اور ڈرون حملے کرتے رہتے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق، یمن کی جنگ میں 2015 سے 2019 کے عرصے کے دوران تقریباً 90 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔